پیٹرنز ٹرافی گریڈ ٹو کا فائنل میچ غنی گلاس اور زرعی ترقیاتی بینک کی ٹیموں کے درمیان کل کھیلا جائے گا

جمعہ 20 اپریل 2018 13:14

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام جاری پیٹرنز ٹرافی گریڈ ٹو کا فائنل میچ غنی گلاس اور زرعی ترقیاتی بینک کی ٹیموں کے درمیان کل ہفتہ کو پنڈی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے مشیر شکیل شیخ نے بتایا ہے کہ فائنل میچ کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے اور ٹورنامنٹ میں نو لاکھ پچاس ہزار روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔

ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کو پانچ لاکھ روپے اور رنر اپ ٹیم ڈھائی لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا مین آف دی میچ، بہترین بیٹسمین ، بہترین بائولر اور ٹورنامنٹ کے آل رائونڈر کھلاڑی کیلئے پچاس، پچاس ہزار روپے کا انعام رکھا گیا ہے ۔ فائنل میچ میں امپائرنگ کے فرائض ندیم اقبال اور راوید خان، ریفری کے علی نقوی جبکہ سکورر کے فرائض شکیل احمد انجام دیں گے۔

(جاری ہے)

پیٹرنز ٹرافی میں ملک بھر سے 22 ٹیموں نے حصہ لیا ان ٹیموں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا گروپ اے اور سی میں چھ، چھ ٹیموں جبکہ گروپ بی اور ڈی میں پانچ، پانچ ٹیموں کو رکھا گیا گروپ اے میں پاکستان آرمی، سٹیٹ بینک، حیدری ٹریڈرز، کراچی الیکٹرک اور عمر ایسوسی ایٹ کی ٹیموں کو رکھا گیاگروپ بی میں پورٹ قاسم، کراچی پورٹ ٹرسٹ، پاکستان ائیرفورس، کینڈی لینڈ اور احمد گلاس کی ٹیمیں شامل ہیں گروپ سی میں زرعی ترقیاتی بینک، سی ڈی اے، پی آئی اے، پاکستان آرمی، پاک سعودی اور او جی سی ڈی ایل جبکہ گروپ ڈی میں پاکستان ریلوے، برائیٹو پینٹ ، غنی گلاس، صابر پولٹری اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیمیں شامل ہیں۔