ڈی پی او کی زیر صدارت کرائم میٹنگ،

جرائم و امن و امان بارے کارکردگی کا جائزہ لیا

جمعہ 20 اپریل 2018 17:01

چیچہ وطنی۔20 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال محمد عاطف اکرام نے اپنے آفس میں ماہانہ کرائم میٹنگ کی جس میں ایس پی انوسٹی گیشن نوید ارشاد، ضلع کے ایس ڈی پی اوز ،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر، ڈی ایس پی پٹرولنگ ، ڈی ایس پی ٹریفک ، تما م ایس ایچ اوزاور ڈسٹرکٹ آفیسر چائلڈ پروٹیکشن بیورو ساہیوال شفیق دیال نے شرکت کی ، میٹنگ میں ماہانہ کرائم اور امن و امان کے قیام کے حوالہ سے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، میٹنگ کے شروع میں ڈسٹرکٹ آفیسر چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے ضلع میں چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے سے مقامی پویس کے ساتھ بہتر تعاون یقینی بنانے کیلئے مختلف امور پر بات چیت کی اوربچوں کے تحفظ کے حوالہ سے آگاہی فلم دکھائی گئی، اس سلسلہ میں ہیلپ لائن 1121بھی متعارف کروائی گئی ہے ، محمد عاطف اکرام نے اس موقع پر پولیس افسران پر زور دیا کہ بچوں کے تحفظ کیلئے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے ، ڈی پی او نے کرائم میٹنگ کے دوران ضلع کے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوزکو ہدایات جاری کیں کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت موجود ہ ملکی سکیورٹی صورت حال کے پیش نظر خفیہ اداروں کی طرف سے موصول ہونے والے تھریٹ الرٹس کو مد نظر رکھتے ہوئے اہم تنصیبات ومقامات، تعلیمی اداروں، عبادت گاہوں اور غیر ملکی اشخاص کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے اور جہاں بھی سکیورٹی نقائص پائے جائیں انکو فوری دور کیا جائے اور تعاون نہ کرنے والے ادارے کیخلاف کارروائی عمل میں لائیں ، کومبنگ و سرچ اپریشنز اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز دیگر خفیہ اداروں کے تعاون کے ساتھ موثر طریقہ سے جاری رکھے جائیں اور شرانگیز تقاریر ،پمفلٹس کی تقسیم ،وال چاکنگ ،لائوڈا سپیکرپر پابندی پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے،رمضا ن المبارک کی آمدکے پیش نظرلائوڈ سپیکر کے ذریعے چندہ مانگے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ، غنڈہ ایکٹ کے تحت کارروائی میںتیزی لائیں، انہوں نے کہا کہ جو بھی مقدمات درج ہوں ان کے درست اور بروقت مکمل چالان جمع کروائیں اور انوسٹی گیشن کے معیار کو مزید بہتر بنائیں تاکہ جرائم پیشہ عناصر کو ناقص تفتیش یا کمزور شہادت کا فائدہ نہ ہو سکے ، اسلحہ کے ناجائز استعمال اور اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی ،آتش بازی,پٹاخے بیچنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں جبکہ منشیات کی فروخت کرنے والوں اورسماجی برائیوں جس میں قحبہ خانہ ، پرچی جواء جیسے جرائم میں ملوث عناصر کیخلاف کریک ڈائون کر نے کی ہدایات جاری کیں، انہوں نے عارضی رہائش کے حوالہ سے کرایہ داروں اور ہوٹلز میں موجود لوگوں کو بذریعہ بائیو میٹرک چیک کرنے کی ہدایت کیں، ڈی ایس پی ٹریفک کو ہدایت کی گئی کہ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنائیں اور جہاں ٹریفک سگنلزخراب ہوں ان کو فوری ٹھیک کروائیں بصورت دیگر وہاں ٹریفک اہلکاروں کی ڈیوٹی کویقینی بنائیں اور ٹریفک رولز کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائیں ، انہوں نے کہا کہ پولیس کے آن لائن سسٹم میں تما م خطرناک ملزمان کا ریکارڈ بھی اپ ڈیٹ کیا جائے جبکہ اشتہاری مجرمان کی گرفتاری مہم تیز کی جائے اور کریمنل ٹریکنگ سسٹم کے ذریعے انکی گرفتاری کو یقینی بنائیں۔