وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے رمضان پیکیج 2018ء کی منظوری دیدی

جمعہ 20 اپریل 2018 20:08

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے رمضان پیکیج 2018ء کی منظوری دیدی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے رمضان پیکیج 2018ء کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے بھر میں لگائے جانے والے رمضان بازاروں میں عوام کو دالیں ،گھی ،آٹا اور چینی سمیت پھل و سبزیاں معیاری و سستے داموں پر دستیاب ہوسکیں گی انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران پنجاب بھر میں لگائے جانے والے رمضان بازاروں کے انتظامات کے حوالے سے صوبے کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں گزشتہ روز اپنی صدارت میں ہونے والے رمضان بازار جائزہ اجلاس میں انہوں نے بتایا کہ اس مرتبہ صوبے بھر میں تین سو سے زائد رمضان بازار لگائے جائیں گے ان رمضان بازاروں میں سترہ مختلف اشیاء خوردونوش سستے داموں فروخت کرنے کیلئے رکھی جائیں گی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اوپن مارکیٹ میں بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت پانچ سو روپے جبکہ دس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت دو سو پچاس روپے رکھی گئی ہے وزیراعلیٰ پنجاب نے رمضان بازاروں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ رمضان بازاروں میں رکھی جانے والی دس اشیاء خوردونوش پر صارفین کو سبسڈی دی جائیگی انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ رمضان بازاروں میں کسی چیز کی قلت پیدا نہ ہونے دی جائے رمضان بازاروں کے ساتھ ساتھ اضلاع کی عام مارکیٹوں کا بھی جائزہ لیا جائے اور ان مارکیٹوں میں معیاری اشیاء کو مناسب نرخوں پر فروخت کرنے کو یقینی بنایا جائے انہوں نے کہا کہ عوام کو ان رمضان بازاروں میں آٹا گھی چینی اور دالیں دستیاب ہونگی ۔