اتائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی،30کلینکس کا دورہ، 14غیر قانونی طبی مراکزسربمہر کر دیئے ، ڈی ایچ او

جمعہ 20 اپریل 2018 21:07

راولپنڈی 20اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی نے ضلع بھر میں اتائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئی30کلینکس کا دورہ کیا جس دوران 14غیر قانونی طبی مراکزسربمہر کر دیئے ہیں۔جمعہ کو ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر طاہر رضوی نے بتایا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر اتائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی میں گذشتہ روز چودہ غیر قانونی کلینکس سیل کئے گئے ہیں۔

انہوںنے بتایا ہے کہ راول ٹاون میں چار طبی مراکز جن میں لقمان ڈینٹل کلینک ،الشفاء میٹرنٹی ہوم،عبداللہ میڈیکل سنٹر،اور الشفاء کلینک کو سیل کیا گیا جبکہ مبشر میڈیکل سنٹر کو چلان کیا گیا ہے ۔کوٹلی ستیاں میں انسپیکشن کی گئی تو شفاء میڈیکل سنٹر اینڈ ہومیو کلینک جو کہ پنجاب ہیلتھ کمیشن سے رجسٹر نہیں تھا کو سیل کیا گیا جبکہ اس دوران وقاص میڈیکل سٹور،ناصر خان ہیلتھ کئیر ،حمزہ کئیر سنٹر،اور عارف میڈکل سنٹر کو ٹیکسلا کی حدود میں سیل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا ہے کہ راولپنڈی کینٹ کے علاقوں میں جہانگیر کلینک،الشفاء کلینک،امن ہسپتال اور کلر سیداں میں النور کلینک سیل کیا گیا ۔ڈسٹرکٹ ہیلیھ کی ٹیموں نے پوٹھوار ٹاون کے ایریا میں چنار میڈیکل سنٹر،فیملی نرسنگ ہوم اور شیزہ فیملی سیل کیا جبکہ الشفاء ہسپتال اور حبیب کلینک کو چلان کئے ہیں۔مری میں دوران انسپکشن حرم کلینک اور تاج سنز فارمیسی میں ڈاکٹر موجود نہ تھے اور نہ ہی انتظامیہ کی جانب سے کاغذات فراہم کئے گئے۔

دریں اثناء ہادی کلینک اور ہاشمی دواخانہ کو سیل کیا گیا ہے۔ڈاکٹر طاہر رضوی نے بتایا ہے کہوٹہ میں اتائی ڈاکٹروں کے خلاف آپریشن کے دوران پانچ غیر قانونی کلینکس کے خلاف کارروائی کا ٖفیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ ضلع بھر میں سیل کئے گئے غیر قانونی کلینکس کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن لاہور ارسال کی جاتی ہے۔