شجاع آباد، نواب مظفرخان کی محل کی مرمت پر ڈھائی کروڑ روپے لاگت آئے گی

جمعہ 20 اپریل 2018 23:13

ملتان۔20 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) نواب مظفر خان کے محل کو محفوظ بنانے اور تزئین وآرائش کیلئے محکمہ آثاریات پنجاب نے تجاویز ارسال کردی ہیں۔نواب مظفرخان سدوزئی کا یہ محل شجاع آباد کی تاریخی فصیل کے اندر واقع ہے اور انتہائی خستہ حالت میں ہے۔یہ فصیل نواب مظفرخان کے والد نواب شجاع خان نے تعمیرکرائی تھی۔

آٹھ برس قبل محکمہ آثاریات پنجاب نے اس فصیل کی بحالی اور مرمت کا کام شروع کیا تھا تاہم اس فصیل کی بحالی کا 80فیصد کام مکمل ہونے کے بعد باقی کام تجاوزات کی وجہ سے ادھورا چھوڑ دیاگیاتھا۔فصیل کے اندر واقع تاریخی محل زبوں حالی کاشکارہے ۔اس کی لکڑی کی چھت غائب ہوچکی ہے جبکہ دیواریں بھی ٹوٹ پھوٹ کاشکارہیں۔دیواروں پر ہونے والا پلستراکھڑ چکا ہے ۔

(جاری ہے)

محل کی کھڑکیاں ،لکڑی کے دروازے اور لکڑی کے چھجے بھی غائب ہیں۔نواب مظفرخان نے ملتان پر 38برس حکمرانی کی ۔ملتان پر سکھوں کے حملے کے بعد انہیں شہید کردیاگیاتھا۔محکمہ آثاریات کے حکام کاکہنا ہے کہ اس تاریخی محل کی مرمت اوربحالی کیلئے تجویز 2018-19ء کے سالانہ ترقیاتی منصوبے میں شامل ہے۔مجوزہ منصوبے کے تحت محل کی غائب ہونے والی کھڑکیاں ،چھت اور چھجہ بحال کردیا جائے گا جبکہ اس کی منہدم ہوتی دیواروں کی مرمت کی جائے گی اوران دیواروں کی بحالی میں اسی سائز کی اینٹیں استعمال کی جائیں گی جو پہلے سے استعمال کی گئی ہیں۔حکام نے بتایا کہ محل کے فرش بھی مرمت کیے جائیں گے۔اس منصوبے پر ڈھائی کروڑ روپے لاگت آئے گی اور یہ آئندہ دو برسوں میں مکمل ہوگا۔

متعلقہ عنوان :