ٹھٹھہ،انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام شہروں اور دور دراز کے علاقوں تک پولیو ٹیموں کی رسائی کو یقینی بنایا جائے،مرزا ناصر علی

جمعہ 20 اپریل 2018 23:23

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ مرزا ناصر علی نے کہا ہے کہ آئندہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ضلع کے چھوٹے بڑے شہروں اور دور دراز کے علاقوں تک پولیو ٹیموں کی رسائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ ہو جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دربار ہال میں 7 تا 13- مئی کو ہونے والی انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیو ایک مہلک بیماری ہے جس سے بچے معذور ہو جاتے ہیں اس لئے بچوں کو پولیو کے قطرے ہر صورت پلائے جائیں تاکہ انہیں معذوری سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے والدین، سماجی کارکنان اور علاقہ معززین پر زور دیا ہے کہ وہ انسداد پولیو مہم کے دوران ٹیموں سے تعاون کریں اور قطرے پلانے سے انکار کرنے والے افراد کو اس خطرناک بیماری کے متعلق آگاہ کریں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر محکمہ صحت ٹھٹھہ کی جانب سے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ آئندہ انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع ٹھٹھہ میں پانچ سال تک عمر کے 201879 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کیلئے 590 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور اس مہم کی نگرانی کے لیے 147 ایریا انچارجز اور 55 یو سی فوکل پرسنز مقرر کئے گئے ہیں جبکہ 46 فکسڈ اور 55 ٹرانزٹ پوائنٹس بھی قائم کی گئی ہیں تاکہ مقررہ ہدف حاصل کرکے مہم کو سو فیصد کامیاب بنایا جا سکے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اول عمران الحسن خواجہ، ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، پی پی ایچ آئی اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں کے علاوہ محکمہ صحت، تعلیم، پولیس، بلدیات اور غیر سرکاری تنظیموں کے افسران نے شرکت کی۔#

متعلقہ عنوان :