مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران مجموعی طور پر استحکام ، روئی کا بھاؤ فی من 7800 روپے پر مستحکم

اتوار 22 اپریل 2018 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2018ء) مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران مجموعی طور پر استحکام رہااس دوران ایک دن معیاری روئی کا بھاؤ فی من 8125 روپے کی سیزن کی بلند ترین سطح کو چھو گیا تاہم بعد ازاں بھاؤ فی من 7800 روپے پر مستحکم رہا۔ صوبہ سندھ میں روئی کا بھاؤ فی من 6200 تا 7800 روپے جبکہ صوبہ پنجاب میں 6400 تا 7800 روپے رہا۔

کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ فی من 7500 روپے کے بھاؤ پر مستحکم رکھا۔ کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چئیرمین نسیم عثمان کے مطابق کپاس کی سیزن تقریبا اختتام پذیر ہوگئی ہے۔ پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن نے 15 اپریل تک روئی کی پیداوار کے اعداد وشمار جاری کئے ہیں جس کے مطابق ملک میں روئی کی پیداوار ایک کروڑ 15 لاکھ 80 ہزار گانٹھوں کی ہوئی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کی پیداوار کے نسبت 7.38 فیصد زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی کپاس منڈیوں میں بھی روئی کے بھاؤ میں مجموعی طورپر استحکام رہا۔ جبکہ نیویارک کاٹن میں 2 سینٹ کا نمایاں اضافہ ہوا۔ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ کے باعث چین بھارت کی روئی میں دلچسپی لے رہا ہے اس وجہ سے بھارت کی روئی کے بھاؤ میں معمولی اضافہ دیکھا گیا۔ مقامی کاٹن یارن و کپڑے کی مارکیٹ میں بھاؤ مجموعی طورپر مستحکم رہے۔

دریں اثنا اس سال PCSI پاکستان کاٹن اسٹینڈرڈ انسٹیٹوٹ کاٹن کا معیار بڑھانے کیلئے فعال نظر آرہی ہے گزشتہ دنوں انہوں نے سکھر میں بعد ازاں 19 اپریل کو حیدرآباد میں کاٹن کا معیار درست کرنے کیلئے دو سیمینار منعقد کئے ہوئے تھے جس میں کاٹن کے گرتے ہوئے معیار کو بہتر کرنے کیلئے ماہرین سے مشاورت کی گئی وفاقی ٹیکسٹائل کمشنر احمد بخش ناریجو محترک نظر آرہے ہیں علاوہ ازیں PCSI نے کراچی کاٹن ایسوسی ایشن KCA کے اشتراک سے گزشتہ دنوں کاٹن گریڈنگ اور کلاسیفکیشن کورس کا اہتمام کیا تھا 19 اپریل کو حیدرآباد میں PCSI کے ڈائریکٹر اور ٹیکسٹائل کمشنر جناب احمد بخش ناریجو کی صدارت میں منعقد ہونے والے سیمینار میں ماہرین نے کپاس کے بگڑتے ہوئے معیار کو درست کرنے کیلئے تجاویز پیش کی تھی۔