صارفین کی شکایات کا ازالہ ہماری اولین ترجیح ہے۔چیف ایگزیکٹومیپکو

پیر 23 اپریل 2018 23:29

ملتان ۔ 23اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر محمد اکرم چوہدری نے کہا ہے کہ صارفین کی شکایات کا ازالہ ہماری اولین ترجیح ہے۔ ریجنل شکایات سنٹر کو اپ گریڈ کرنیکا بنیادی مقصد صارفین کی شکایات کا موقع پر ہی ازالہ کرناہے ۔وزارت توانائی کے احکامات کی روشنی میں صارفین کی شکایات کے فوری ازالہ کے لئے نہ صرف روزانہ کی بنیاد پر ہیڈ کوارٹر میں کھلی کچہریاں لگائی جارہی ہیں بلکہ ریجن بھر میں سب ڈویژنل، ڈویژنل اور سرکلوں کی سطح پر قائم کمپلینٹ سنٹرز، کسٹمرسروسز سنٹرز کو فعال کردیاگیاہے ۔

ان شکایات سنٹرز پر صارفین بلنگ، لوڈشیڈنگ سے متعلق شکایات درج اور ازالہ کرواسکتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریجنل کمپلینٹ سنٹر کے دورے کے موقع پر کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کمپلینٹ سنٹرز میں ڈیوٹی پر موجود عملہ الرٹ رہے اور صارفین کی شکایات پر فوری رسپانس دیں۔ آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے درج ہونے والی شکایت فوری طورپر متعلقہ ایس ڈی او کو بھیجی جائے اور مسلسل رابطہ کرکے صارف کی شکایت کا ازالہ کیاجائے ۔

انہوں نے انچارج ریجنل کمپلینٹ سنٹر کو ہدایت کی کہ وہ شکایات کی مسلسل مانیٹرنگ کریں اور درج ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کرنے کے لئے اقدامات کریں ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے موقع پر ہی سکندرآباد سے تعلق رکھنے والے دو صارفین محمد اسحاق اور نور محمد کی جانب سے جرمانہ بلوں سے متعلق درج ہونے والی شکایات سُنیں۔ کمپلینٹ سنٹر نے دونوں صارفین کی شکایات آن لائن رجسٹرڈ کیں اور موقع پر ہی فوراًً ایس ایم ایس کے ذریعے شکایت کی نوعیت اور ریکارڈ متعلقہ صارفین اور ایس ڈی او سکندرآبادسب ڈویژن کو بھیجیں ۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو نے فوری طورپر ایس ڈی او سکندرآبادسب ڈویژن سے فون پر رابطہ کیا اور شکایت کے متعلق دریافت کیا اورکہا کہ صارفین کی شکایات کا ازالہ مقامی دفاتر میں ہی کیاجائے اور ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں ۔

متعلقہ عنوان :