وزیر بلدیات کا لاہور کے 172 واٹر فلٹریشن پلانٹس بارے موصول شکایات پر فوری ایکشن محکمہ سے رپورٹ طلب

وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیکر ٹری بلدیات، چیف انجینئر اور ڈا ئریکٹر جنرل کی سر براہی میں چیکنگ ٹیمیں تشکیل واٹر فلٹریشن پلانٹس کی صوبہ بھر کے تمام چیئرمین و وائس چئیر مین اور دیگر بلدیاتی افسران کو ہدایت ،واٹر فلٹریشن پلانٹس کی چیکنگ اور شکایت کا فوری ازالہ کریں‘ منشاء اللہ بٹ

منگل 24 اپریل 2018 15:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) صوبائی و زیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے فوری طور پر عوام الناس کی طرف سے لاہور کے تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس بارے موصول ہونے والی شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے محکمہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ اس سلسلے میںوزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیکر ٹری بلدیات، چیف انجینئر اور ڈا ئریکٹر جنرل کی سربراہی میں ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

وزیر بلدیات نے و اٹر فلٹریشن پلانٹس کی نگرانی اور چیکنگ اور عوام کو باقاعدگی سے پینے کے مصفاء پانی کی فراہمی نہ ہونے پر تمام بلدیاتی افسران و اہلکاران کے خلاف سخت ایکشن لینے کے لئے بھی سیکر ٹری بلدیات کو ہدایت جاری کر دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور بھر میں 172فلٹریشن پلانٹس تنصیب کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

جن کی نگرانی پر اہلکاران تعینات ہیں جبکہ بلدیاتی افسران کو خصوصی ہدایت دی ہوئی ہیں کہ ان کی نگرانی اور چیکنگ کا عمل متواتر کریں مگر اس عمل میں کوتاہی پائی گئی اور عوام کو بھی پریشان کیا ۔

انہوں نے کہا کہ سیکرٹری بلدیات کو اس سلسلے میں پیڈا ایکٹ کے تحت ایسے افسران اور اہلکاران کے خلاف کاروائی کا حکم دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پانی اللہ کی عظیم نعمت ہے ۔اس کی حفاظت اور ہر انسان تک رسائی حکومت وقت کی اہم کی ذمہ داری ہے ۔حکومت نے خطیر رقم کے ساتھ صوبہ بھر میں خصوصا لاہور بھر میں پینے کے صاف پانی مہیا کرنے کے واٹر فلٹریشن پلانٹس لگوائے تاکہ لو گوں کو مختلف بیماریوں سے بچایا جاسکے۔

ان واٹر فلٹریشن پلانٹس کے تنصیب ہونے کے بعد کسی افسران واہلکاران نے اس کے ماحول میں صفائی ستھرائی اور بہتر سروس کی فراہمی پر کوئی توجہ نہ دی۔جس کی وجہ سے فلٹریشن پلانٹس لاوارث و بے یار ومدد گارہو گئے۔ انہوں نے صوبہ بھر کے تمام چئیرمین و وائس چئیر مین اور دیگر بلدیاتی افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ بھی اپنے اپنے علاقہ میں تنصیب شدہ واٹر فلٹریشن پلانٹس کی چیکنگ کریں اور کسی بھی شکایت کا فوری ازالہ کریںاور رپورٹ حکومت کو لازمی بھجوائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی اس سلسلہ میں اچانک دورہ کریں گے اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف موقع پر ایکشن لیں گے ۔