قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین قیصر احمد شیخ کی ایمنسٹی سکیم کی مخالفت کی خبروں کی تردید

ایمنسٹی سکیم پاکستان کے کاروباری طبقہ اور صنعت کے ساتھ ساتھ عام افراد کیلئے بھی فائدہ مند ہے، میں سکیم کے حق میں ہوں اور ہر چینل پر اس کے حق میں بات کر چکا ہوں، اجلاس کی خبر غلط شائع کی گئی، پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 24 اپریل 2018 19:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین قیصر احمد شیخ نے پیر کو قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں ایمنسٹی سکیم کی ان کی طرف سے مخالفت کئے جانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ سکیم پاکستان کے کاروباری طبقہ اور صنعت کے ساتھ ساتھ عام افراد کیلئے بھی فائدہ مند ہے، میں اس سکیم کے حق میں ہوں اور ہر چینل پر اس کے حق میں بات کر چکا ہوں، اجلاس کی خبر غلط شائع کی گئی۔

منگل کو پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ پر تبادلہ خیال کیا، ایمنسٹی سکیم کے بارے میں آرڈیننس زیر غور آیا، ہمارے اراکین چلے گئے تو اپوزیشن کے ممبران نے کہا کہ ہم اس کے خلاف ہیں، یہ ان کا حق ہے، ہم اس سکیم کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، اجلاس میں بھی اس کی بھرپور حمایت کی تاہم افسوسناک بات یہ ہے کہ بعض اخبارات میں درست رپورٹنگ نہیں کی گئی، سکیم کی مخالفت کی خبر بالکل درست نہیں ہے، یہ ایمنسٹی سکیم ہمارے ملک اور صنعت کے ساتھ ساتھ عام آدمی کیلئے سود مند ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس میں ماہانہ ایک لاکھ آمدن والے کو ٹیکس استثنیٰ ملا ہے، باہر سے سرمایہ آنے سے صنعت کو فروغ ملے گا جس سے روزگار کے مواقع میسر آ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز کے اجلاس کی ریکارڈنگ موجود ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میری شہرت کو اس خبر سے نقصان پہنچا ہے، یہ ایک اچھی سکیم ہے اس کو ایوان میں بھی لایا جانا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے گزشتہ دو ہفتوں سے ہر چینل پر اس سکیم کے حق میں بات کی ہے، میرے اوپر کوئی دبائو نہیں۔ بجٹ کے حوالہ سے میری رائے ہے کہ یہ 4 سے 6 ماہ کیلئے ہونا چاہئے، ایمنسٹی سکیم کو ایوان میں زیر بحث لایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اچھا کام حکومتی مدت کے آخری دن بھی ہو تو اس کا عوام کو فائدہ ہے تو یہ بہتر ہے، ایمنسٹی سکیم ہماری توقعات سے زیادہ اچھی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ سکیم دو سال سے زیر غور تھی، اس سکیم کو پہلے آ جانا چاہئے تھا، اس سکیم سے ہر شخص کو فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کوئی بلیک منی نہیں ہے، میرے تمام اثاثے ڈکلیئرڈ ہیں، اس سکیم کی مخالفت کرنے والی جماعتیں اپنا ووٹ بینک خراب کر رہی ہیں، ہم ان کو سمجھاتے ہیں کہ یہ آپ اور ملک کے فائدہ کی سکیم ہے، اس بارے میں غلط فہمی پھیلائی جا رہی ہے کہ بلیک منی کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، کراچی میں 12 کروڑ کی زمین 10 لاکھ میں ظاہر کرکے فروخت ہوتی ہے، اب کوئی کرپشن کی دولت چھپا نہیں سکے گا۔