اسفندیار ولی خان کے نام حاجی نمروز خان کی وفات پر ایرانی قونصل جنرل کا تعزیتی خط

منگل 24 اپریل 2018 21:31

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) پشاور میں متعین اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل محمد بیگی نے اے این پی کے صوبائی نائب صدر حاجی نمروز خان کی اچانک وفات پر افسوس کا اظہار اور ان کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے ، پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان کے نام ایک تعزیتی خط میں قونصل جنرل نے کہا کہ حاجی نمروز خان کی ناگہانی وفات پر دلی صدمہ ہوا ہے اور اس طرح کی شخصیات کی کمی پارٹی کیلئے بہت برا نقصان ہے ،اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ پاکستانی قوم کے اس عظیم نقصان کو پورا کرے اور مجھے یقین ہے کہ آپ کی پارٹی میں کوئی بھی دور اندیش اور قابل شخص اس خلا کو پر کر سکتا ہے، قونصل جنرل نے دل کی گہرائیوں سے اسفندیار ولی خان ،اے این پی اور مرحوم کے قابل احترام خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل اور کامیابیاں نصیب فرمائے ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء اسفندیار ولی خان نے خط کے جواب میں قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مرحوم کی ناگہانی رحلت پارٹی اور ان کے خاندان کیلئے بلا شبہ ایک ناقابل تلافی نقصان ہے ،انہوں نے کہا کہ مرحوم کی پارٹی کیلئے گرانقدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پُر نہیں ہو سکے گا۔