سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس (ر) رحمت حسین جعفری کی زیر صدارت اجلاس، بروقت انصاف کی فراہمی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا

جمعہ 19 ستمبر 2025 14:44

سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس (ر) رحمت حسین جعفری  کی زیر صدارت اجلاس،   ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی طرف سے بروقت انصاف کی فراہمی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اہم اجلاس جمعہ کے روز لاہور ہائیکورٹ کی نیو ججز لائبریری میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس (ر) رحمت حسین جعفری نے کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چیف جسٹس ہائیکورٹ عالیہ نیلم ، چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس روزی خان ، سندھ، پشاور، بلوچستان اور اسلام آباد ہائیکورٹس کے رجسٹرارز اور فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی اسلام آباد کے ڈائریکٹر جنرل شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں اور عدالتی نظام میں بہتری کے لیے اصلاحاتی اقدامات پر غور کیا گیا۔ شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عوامی سطح پر عدلیہ پر اعتماد کی بحالی اور عام آدمی کو فوری انصاف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی عدالتی اصلاحات کے سلسلے میں کی جانے والی اس کوشش کو شرکا نے سراہا اور امید ظاہر کی کہ ان اقدامات سے مستقبل قریب میں عدالتی نظام مزید فعال اور موثر ثابت ہوگا۔