جنگلی حیات کی قدرتی ماحول میں افزائش یقینی بنانے کے لئے صوبہ بھر کی سینگچوریز اورنیشنل پارکس کو محفوظ پناہ گاہ کا درجہ حاصل ہے ،خالد عیاض خان

منگل 24 اپریل 2018 23:00

فیصل آباد۔24 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے کہا ہے جنگلی حیات کی قدرتی ماحول میں افزائش یقینی بنانے کے لئے صوبہ بھر کی سینگچوریز اورنیشنل پارکس کو محفوظ پناہ گاہ کا درجہ حاصل ہے اور وہاں کسی بھی قسم کے شکار کی قطعا اجازت نہیں۔انہوں نے کہا کہ ممنوعہ علاقوں اورگیم ریزروکی حدود کے بارے میں جاننا شکاری حضرات کی ذمہ داری ہے اور وہ جن علاقوں میں شکارکرنا چاہتے ہوں پہلے وہاں پرلاگو قوا عد و ضوابط کے بارے میں معلومات حاصل یا علاقہ میں موجود محکمہ کے مقامی دفتر سے رابطہ کر لیں تاکہ انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے یہ بات یہاں گٹ والہ پارک میں شکاری حضرات ، جنگلی حیات کے تحفظ پسند اور جنگلی حیات سے پیار کرنے والوں کی آگہی و تربیت کے لئے منعقدہ ایک روزہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف ہیڈ کوارٹر ز محمد نعیم بھٹی،ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف عامر مسعود،ڈپٹی ڈائریکٹر ٹریننگ گٹ والہ مظہر امتیاز، ڈپٹی ڈائریکٹر رائے زاہد علی اور دیگر افسران کے علاوہ تربیتی ورکشاپ میں صوبہ بھر سے آئے ہوئے شکاریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ڈی جی وائلڈ لائف نے کہا کہ محکمہ نے قانون کے دائرے میں رہ کر شکار کرنے والے شکاریوں کی ہر سطح پر نہ صرف حوصلہ افزائی کی ہے بلکہ انہیں شکار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔قبل ازیں ورکشاپ سے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف غضنفر علی لنگاہ نے اسلام کی رو سے وائلڈ لائف کے مختلف پہلوئوں، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف رانا شہبازخان نے وائلڈ لائف ایکٹ کی شکار سے متعلق دفعات، ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر حسن علی سکھیرا نے شکار کی اخلاقیات، بیگ لمٹ اور لائسنسز کی اقسام اور حصول کا طریقہ کاراورجانوروں و پرندوں کی محفوظ پناہ گاہوں کی اقسام، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف ریسرچ ڈاکٹر زاہد فاروق نے وائلڈ لائف ایکٹ کے شیڈولز میں شامل پرندوں اور جانوروں کی تصاویر کے ذریعے شناخت اور ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف ٹریننگ زاہد علی نے تربیتی ورکشاپ کی ایویلیوایشن بارے تفصیلی روشنی ڈالی۔

مزید برآں تربیتی ورکشاپ میں موجود شکاریوں کے نمائندے لقمان بٹ نے دوران شکار پیش آنے والی مشکلات بارے آگاہ کیا اور تجاویز دیں اور تربیتی ورکشاپ کے انعقاد کو محکمہ وائلڈ لائف اینڈ پارکس کی مثبت کاوش قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :