بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کے عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیگی، رقیہ ہاشمی

بلوچستان میں آباد تمام اقوام کو ایک چھتری تلے جمع کرکے پارٹی کو ملک کی ایک مضبوط قوت بنائیں گے، صوبائی مشیر خزانہ

بدھ 25 اپریل 2018 22:37

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) صوبائی مشیر خزانہ رقیہ ہاشمی نے کہاہے کہ وفاق مزید بلوچستان کو پسماندہ نہیں رکھ سکتاعوامی طاقت سے صوبائی حقوق حاصل کرینگے، مسلم لیگ سے ہماری 87سالہ رفاقت رہی ہے بلوچستان میں آباد اقلیتی برادری کو ساتھ لے کر چلیںگے، سیاسی جماعتوںکی ناکامی کی وجہ سے کارکنوں کو مشاورتی عمل میں نظرانداز کرنا ہے، پاکستان اور بلوچستان ایک دوسرے کیلئے لازم وملزوم ہیں ،یہ بات انہوںنے بدھ کے روز کوئٹہ پریس کلب میں علائو الدین کاکڑ، سحرش شالوم ودیگر کی بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر سابقہ کواڈی نیٹر وزیراعلی بلوچستان علائو الدین کاکڑ، سحرش شالوم، سائل بٹ، ملک خدابخش لانگو، اسپشل اسسٹنٹ ٹو چیف منسٹر حاجی لالہ جان اچکزئی ودیگر نے بھی خطاب کیا ، مشیر خزانہ رقیہ ہاشمی نے کہاکہ بلوچستان عوامی پارٹی میں دو ماہ کے دورا نصوبے کے عوام کی جوق درجوق شمولیت پارٹی پر اعتماد کا مظہر ہے،صوبے کے عوام کو ایک نظریہ اور سوچ سے منسلک ہوکر پارٹی میں شامل ہونا ہماری آئندہ نسلوں کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے،ان کا کہنا تھا کہ ون یونٹ کو ختم ہوئے 48برس گزرنے کے باوجود بلوچستان کے عوام کو آئینی حقوق سے محروم رکھاگیاہے بلوچستان کی محرومی میں ہمارا غیر ذمہ دارانہ رویہ بھی شامل ہے آج تک ہم کو اپنے حقوق مانگنے کا طریقہ نہیں آیا ان کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں بلوچستان کے عوام کے ووٹوں کی طاقت سے بلوچستان عوامی پارٹی اقتدار میں آکر اسلام آباد کو بلوچستان کے حقوق دینے پر مجبور کریگی اور وفاق کو باور کرایاجائے گاکہ بلوچستان کے لوگوں کو ساتھ لئے بغیر وفاق ترقی نہیں کرسکتا ان کاکہناتھا کہ بلوچستان میں آباد اقلیتی برادری کو ساتھ لے کر صوبے اور ملک کی ترقی وخوشحالی کے سفر کو آگے بڑھادینگے، ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان عوامی پارٹی(باپ) صوبے کے عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیگی، بلوچستان میں آباد تمام اقوام کو ایک چھتری تلے جمع کرکے پارٹی کو ملک کی ایک مضبوط قوت بنائیں گے، رقیہ ہاشمی کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی جماعتوں کے زوال کی وجہ سے سیاسی کارکنوں کو نظرانداز کرنا ہے تاہم بلوچستان عوامی پارٹی میں شامل تمام لوگ اور صوبہ کے عوام ایک خاندان کے افراد کی مانند ہیں اور پارٹی کی ہمیشہ کوشش ہوگی کہ صوبے کے عوام کو اعتماد میں لے کر صوبہ کی بہتری کیلئے کام کیاجائے، آخر میں انہوںنے پارٹی میں شامل ہونے والے تمام افراد خصوصاً اقلیتی کمیونٹی کے سرکردہ شخصیات کی شمولیت پر ان کا شکریہ ادا کیا،اس موقع پر پاکستان پیس کونسل صوبائی ترجمان سردار بشیر ،سینٹرل کمیٹی ممبر مسلم لیگ (ن) سید توصیف گیلانی ،پاکستان تحریک انصاف کے ندیم خان کاکڑ ،سینٹرل کمیٹی کے ممبر مسلم لیگ (ن) محمد سلیمان اچکزئی ،تحریک انصاف کے اسفندیار کاکڑ ،پاکستان ورکرز پارٹی کے پرنس امان اللہ بختیار یوسفزئی ،پاکستان پیس کونسل کے تاج محمد کاکڑ ،پاکستان پیس کونسل کے باز محمد عادل ،چیئرمین بلوچستان پراگرویسوسی ایشن کے سید آغا گل شاہ بخاری ،آصف جون ،سہرش شیلون،روبن یوسف،ندیم پاسٹر ،ندیم جگہ ،حاجی حبیب اللہ اوتمانخیل ،پاسٹر ویلسن فضل ،پیٹر عامی ،مریم صفی اللہ بھی موجود تھے۔