آسا کا مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی کے نئے فارمولے پر تحفظات کا اظہار

جمعہ 27 اپریل 2018 17:21

لاہور۔27 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن (آسا) کے صدر ڈاکٹر محبوب حسین نے کہا ہے کہ جامعات میں مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی کیلئے پوسٹ ڈاکٹورل تجربے کے کوئی نمبر نہیں، پی ایچ ڈی اور ایم فل کے سکالرز کی سپر وائزری کا کوئی کریڈٹ نہیں اور نہ ہی تحقیقی منصوبے مکمل کرنے کے اضافی نمبر رکھے گئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزیہاں آسا کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر محبوب نے وائس چانسلر کی تعیناتی کے حوالے سے نئے فارمولے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا کہ وہ وائس چانسلر تقرری کے معیار اورسرچ کمیٹی کو متوازن بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر آسا کی مجلس عاملہ نے متفقہ قرار داد کے ذریعے وائس چانسلر تقرری کے فارمولے کو تبدیل کرنے اور سرچ کمیٹی کی تشکیل کو متوازن بنانے کا مطالبہ کیا ۔ اس موقع پرڈاکٹر اصغر اقبال، ڈاکٹر کامران مرزا، چوہدری نعیم اللہ ، منور اقبال و دیگر اراکین بھی موجود تھے۔