آئندہ مالی سال کے پی ایس ڈی پی کے تحت وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان ڈویژن کے 8 جاری ، 2 نئی سکیموں کے لئے 29ارب87کروڑ66 لاکھ روپے مختص

جمعہ اپریل 18:24

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اپریل2018ء) آئندہ مالی سال 2018-19کے دوران سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان ڈویژن میں آزاد کشمیر کی 8 جاری اور 2 نئی سکیموں کے لئے 29ارب87کروڑ66 لاکھ جبکہ گلگت بلتستان کی 8 پرانی اور 9 نئی سکیموں کے لئے 21 ارب 32 کروڑ90 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے مطابق آزاد کشمیر بلاک ایلوکیشن کی مد میں 25ارب 50 کروڑ روپے جبکہ جی بی بلاک ایلوکیشن کی مد میں 17ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

آزاد کشمیر میں 48 میگاواٹ کا جاگراں ہائیڈل پاور پراجیکٹ کے لئے 30کروڑ روپے، آزاد کشمیر قانون سازاسمبلی کمپلیکس کے لئے 50کروڑ روپے،اٹھمقام کیرن بائی پاس روڈکے لئے 10کروڑ روپے، رٹھوعہ ہریام پل کے لئے 1ارب 95 کروڑ 56 لاکھ روپے، میر واعظ محمد فاروق شہید میڈیکل کالج میرپور کے لئے 50کروڑ روپے، محترمہ بے نظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج میرپور کے لئے 47کروڑ10لاکھ روپے، نوسیری لیسوا بائی باس کے لئے 10کروڑ روپے اور واٹر سپلائی و سیوریج سکیم میرپور شہر کے لئے 30کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

نئی سکیموں میں پاکستان ریڈ کریسنٹ اے جے کے سٹیٹ برانچ کے انڈومنٹ فنڈ کے لئے 10کروڑ روپے اور مظفرآباد میں 13کلو میٹرلنک روڈ کان کن پنجور گلی کے لئے 5کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں 8 جاری سکیموں کے لئے 19ارب 53کروڑ 40لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں، ان میں ہنزل گلگت 20 میگاواٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لئے 58کروڑ20 لاکھ روپے، سکردو میں 26میگاواٹ شانگرتھنگ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لئے 20 کروڑ روپے، 34.5 میگاواٹ ہارپو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سکردو کے لئے 30 کروڑ 20 لاکھ، 16 میگاواٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نلتر تھری کی تعمیر کے لئے 75 کروڑ، گلگت میں 50 بیڈ کے کارڈیک ہسپتال کے فیز ون کے لئے 20 کروڑ روپے جبکہ کنودوس سے نلتر ایئر فورس بیس تک آر سی سی پل کی اپ گریڈیشن کے لئے 30 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

نئی سکیموں میں 25 کلومیٹر کارگا روڈ کی تعمیر اور اپ گریڈیشن کے لئے 20 کروڑ روپے، گلگت شہر میں سینٹری اور سیوریج کے نظام کے لئے 40 کروڑ روپے، رونی چلاس سے ناران روڈ بٹوگاہ ویلی کی تعمیر کی توسیع کے لئے 40 کروڑ روپے، ریجنل گرڈ گلگت بلتستان کے قیام کے لئے 30 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔