پنجاب میں سرکاری منصوبوں کیلئے درکار پرائیویٹ جگہوں کی خریداری بارے گائیڈ لائن جاری، اختیارات کا نئے سرے سے تعین

جمعہ 27 اپریل 2018 20:43

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2018ء) حکومت پنجاب نے سرکاری منصوبوں کیلئے درکار پرائیویٹ جگہوں کی خریداری کے حوالے سے گائیڈ لائن جاری کرتے ہوئے اختیارات کا نئے سرے سے تعین کر دیا، ذرائع کے مطابق سرکاری سطح پر کسی بھی منصوبے کیلئے درکار پرائیویٹ جگہوں کی خریداری ،انکی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے سابقہ ادوار میں سامنے آنیوالے بے ضابطگیوں کی مستقبل میں روک تھام کے لئے حکومت نے نئے بلدیاتی نظام کے تحت میکنزم متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے گزشتہ روز سیکرٹری اسیسمنٹ پی او آر پنجاب کی جانب سے ڈویژنل اور ضلعی افسران کو جاری گائیڈ لائن کے مطابق ڈپٹی کمشنرز کو اڑھائی کروڑ روپے تک خریداری کا اختیار ہے جبکہ اڑھائی کروڑ سے دس کروڑ روپے تک جگہ خریدنے کے اختیارات کمشنرز کو تفویض کئے گئے ہیں اور دس کروڑ سے زائد کی خریداری کا اختیار صرف بورڈ آف ریونیو کو ہو گا، اس ضمن میں گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو فوری عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے ۔