شرح نمو میں اضافہ کامیاب معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے، معیشت کو بہتری اور مہنگائی پر قابو پانا ایک کارنامہ ہے

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کا بجٹ پر اظہار خیال

جمعہ 27 اپریل 2018 23:49

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنمائوں نے بجٹ برائے سال 2018-19ء پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے گذشتہ پانچ سال کے دوران شرح نمو 5.8 فیصد سے زائد ہونا کامیاب معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے، محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستانی معیشت کی سمت درست کر دی گئی ہے، ایک ہی وقت میں معیشت کو بہتر کرنا اور مہنگائی پر قابو پانا ایک کارنامہ ہے ۔

’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی ڈویژن کے نائب صدر حاجی شاہجہان، جوائنٹ سیکرٹری نور خان اخونزادہ اور میڈیا کوآرڈینیٹر عبدالحمید بٹ نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران ملکی معیشت کے تمام شعبوں میں بہتری آئی ہے، پاکستان میں شرح نمو 5.8 فی صد کی شرح سے بڑھی جو گزشتہ 13سالوں میں سب سے زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث مہنگائی کی شرح میں گزشتہ پا نچ سالوں کے دوران بتدریج کمی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے اپوزیشن کی منفی سیاست کے باوجود معاشی شعبے میں جو کارنامے انجام دیئے ہیں اس کے تمام بین الاقوامی معاشی ادارے معترف ہیں، اگر دھرنا سیاست کا تماشہ نہ لگایا جاتا تو معاشی صورت حال میں مزید بہتری آسکتی تھی۔ مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنماء کھیل داس کوہستانی اور خواجہ طارق نذیر نے وفاقی بجٹ 2018-19ء کو عوام دوست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کینسر اور ہیپا ٹائٹس جیسے امراض کی مہنگی ادویات کی قیمتوں میں کمی سے غریب مریضوں کو فائدہ پہنچے گا۔

کراچی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے لئے وفاق کی جانب سے بسوں کی فراہمی کی پیشکش اچھا قدم ہے، سندھ حکومت کو اس تجویز پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے سندھ بالخصوص کراچی کے لئے جو وعدے کئے تھے ان کی تکمیل کے لئے بجٹ میں رقم مختص کی گئی ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کم وقت میں ایک اچھا اور متوازن بجٹ پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام کے باوجود موجودہ حکومت نے بجلی کی پیداوار اور ترسیل میں بہتری لا کر صنعتی و گھریلو صارفین کو واضح ریلیف فراہم کیا ہے۔