پیپلز پارٹی کو الزام تراشی سے پہلے اپنا ریکارڈ ملاحظہ کرنا چاہیے ،ْریاض حسین پیر زادہ کا اپوزیشن کو جواب

پیپلز پارٹی کو یاد کرانا چاہتے تھے کہ رحمان ملک کو اس وقت مشیر داخلہ بنایا تھا جب کرپشن کے الزام پر ملک سے بھاگے ہوئے تھے ،ْ اسمبلی میں خطاب

جمعہ 27 اپریل 2018 23:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2018ء) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے قومی اسمبلی میں خورشید شاہ کی جانب سے مفتاح اسماعیل پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو الزام تراشی سے پہلے اپنا ریکارڈ ملاحظہ کرنا چاہیے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ پیش ہونے سے قبل وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے نکتہ اعتراض کے جواب میں بات کرنا چاہتے تھے تاہم سپیکر نے انہیں مفتاح اسماعیل کی بجٹ تقریر کے بعد بات کرنے کا موقع دیا۔

میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کو یاد کرانا چاہتے تھے کہ رحمان ملک کو انہوں نے اس وقت مشیر داخلہ بنایا تھا جب وہ کرپشن کے الزام پر ملک سے بھاگے ہوئے تھے اور برطانیہ کی شہریت لے رکھی تھی اور ان کا نام بھی ووٹر لسٹ میں شامل نہیں تھا۔

(جاری ہے)

میں اس وقت بار بار یہ بات اس ایوان میں کہتا رہا تاہم تب پیپلز پارٹی کے ارکان اس ایوان میں کہتے تھے کہ وزیراعظم کو مشیر مقرر کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ آج پیپلز پارٹی مفتاح اسماعیل پر اعتراض کر رہی ہے جبکہ ان کا نام ووٹر لسٹ میں ہے اور وہ پاکستان کی شہریت بھی رکھتے ہیں اس لئے ہماری پارٹی کو الزام دینے سے پہلے پیپلز پارٹی کو اپنا ریکارڈ ملاحظہ کرنا چاہیے۔