ماڈل مویشی منڈیوں کے قیام کا مقصد مویشی پال حضرات کو جدید سہولیات فراہم کرنا ہے، کمشنر

ہفتہ 28 اپریل 2018 20:26

فیصل آباد۔28 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے ماڈل مویشی منڈیوں کے قیام کا مقصد مویشی پال حضرات کو جدید سہولیات فراہم کرنا ہے لہٰذاکمپنی کے افسران وسٹاف اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے مویشی منڈیوں کی منظم ترقی کے لئے مربوط انداز میں محنت سے خدمات انجام دیں تاکہ ماڈل کیٹل مارکیٹس کے قیام کے مقاصد کما حقہ پورے ہوسکیں۔

انہوں نے یہ بات فیصل آباد کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر سلمان غنی،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن مہر شفقت اللہ مشتاق،ایم ڈی کرنل بابر فیروز،جنرل مینجر ایڈمن میجر وجاہت،چیف فنانس آفیسر عمران علی صفدر،ڈاکٹر جلال عارف،رائو سکندر اعظم کے علاوہ جھنگ،چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ لائیوسٹاک کے فروغ اورمویشوں کی خریدوفروخت کے نظام کو جدت سے ہمکنار کرنے کے لئے ماڈل کیٹل مارکیٹس کا قیام انقلابی قدم ہے لہذامنڈیوں میں بیوپاریوں کے لئے تمام ضروری سہولیات ہمہ وقت موجود رہنی چاہیں۔انہوں نے کہا کہ مویشی منڈیوں کے انتظامی وحفاظتی اورمالیاتی امورمزید بہتر بنانے کے لئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پربلاتاخیر عملدرآمد کویقینی بنایا جائے۔اجلاس کے دوران مویشی منڈیوں میں کمپنی کی طرف سے فراہم کردہ سہولیات اور ترقی کے اقدامات سمیت دیگر اموربھی زیر بحث آئے۔