سونم کپور کا ممبئی میں گھر سجائے جانے پر شادی کی چہ مگوئیاں ہونے لگیں

اتوار 29 اپریل 2018 14:10

ْ ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2018ء) بالی وڈ کی خوبرو اداکارہ اور انیل کپور کی صاحبزادی سونم کپور کی ممبئی میں رہائشگاہ برقی قمقموں اور لائٹوں سے سجادیا گیا جس کے بعد اداکارہ کی شادی کی چہ مگوئیاں ہونے لگی ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سونم کپور کا گھر خوبصورت برقی قمقموں، لیمپ اور لائٹس سے سجا دیا گیا ہے جہاں سونم کپور کی شادی کے چرچے بھی شروع ہوگئے ۔

اداکارہ سونم کپور اور نہ ہی ان کی فیملی کی جانب سے شادی کی تصدیق کی گئی ہے تاہم ممبئی میں رہائشگاہ پر ہونے والی سرگرمیوں کے بعد مقامی میڈیا میں خبریں زیرگردش ہیں کہ آئندہ ماہ سونم کپور رشتہ ازدواج سے منسلک ہوجائیں گی۔رپورٹ کے مطابق سونم کپور اور ان کے قریبی دوست و فیشن ڈیزائنر آنند آہوجا کی شادی 7 یا 8 مئی کو ہوگی اور اسی سلسلے میں سونم کپور کے گھر کو سجادیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹس کے مطابق شادی کے سنگیت کی تیاریاں معروف کوریو گرافر فرح خان کر رہی ہیں جس میں کرن جوہر اور فیشن ڈیزائنرز بھی شامل ہیں۔گزشتہ روز تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے فرح خان اور کرن جوہر نے انیل کپور کے گھر کا بھی دورہ کیا۔واضح رہے کہ اداکارہ نے چند روز قبل اپنی نئی آنے والی فلم ’ویر دی ویڈینگ‘ کے ٹریلر لاؤنچ پر میڈیا سے کہا تھا کہ وہ صحیح وقت پر اپنی شادی کا بتائیں گی۔اداکارہ سونم کپور اپنے قریبی دوست و فیشن ڈیزائنر آنند آہوجا سے شادی کر رہی ہیں جن کے ساتھ انہیں گزشتہ دو برس سے مختلف تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا جا رہا تھا۔