بجٹ میں گندم کی ایکسپورٹ پر 159ڈالر ری بیٹ دیاجانا فلور ملز انڈسٹری کیساتھ کھلی دشمنی ہے،حاجی عدن خان و دیگر

اتوار 29 اپریل 2018 20:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 اپریل2018ء) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کی ایگزیکٹیو باڈی کااجلاس ایسوسی ایشن کے چیئرمین حاجی عدن خان کی صدارت میں درویش فلور ملز اضاخیل پایان میں منعقدہوا‘ جس میں فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما اور سرحد چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر محمدنعیم بٹ‘ فلور ملز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین حاجی مسرت شاہ‘ ایگزیکٹیو ممبران حاجی یوسف خان آفریدی ‘ حاجی انیس اشرف ‘حاجی معراج الدین‘ بشیر مٹہ‘ حاجی طارق‘ محمدصادق ‘ حاجی اقبال‘ حاجی سرتاج کے علاوہ دیگر سینئر ممبران نے شرکت کی‘ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حاجی عدن خان اور مرکزی رہنما محمدنعیم بٹ نے کہاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے یہ جانتے ہوئے کہ عالمی منڈی میں گندم کا ریٹ پاکستانی گندم کی نسبت کم ہے‘ پھر بھی گندم کی مصنوعات پر 120ڈالر جبکہ براہ راست گندم کی ایکسپورٹ پر 159ڈالر ری بیٹ دیاجانا فلور ملز انڈسٹری کے ساتھ کھلی دشمنی کے مترادف ہے ‘ انہوں نے وزیراعظم پاکستان خاقان عباسی اوروفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ اینڈ سیکیورٹی سے اپیل کی ہے کہ پنجاب فوڈ کمیٹی کی سمری کو ہرگز قبول نہ کیاجائے‘ کیونکہ یہ اقدام اربوں روپے کی فلور ملز انڈسٹری کو ڈبونے کا منصوبہ ہے‘انہوں نے کہاکہ پنجاب محکمہ خوراک کی جانب سے نیشنل فوڈ اینڈ سیکیورٹی بھجوائی گئی گندم ایکسپورٹ کی حالیہ سمری میں آٹے کی مصنوعات شامل نہ کرنا فلور ملنگ انڈسٹری کا کھلا استحصال ہے جسے قطعی طورپر برداشت نہیں کیاجائیگا‘ وفاقی حکومت برابری کی بنیاد پر 159ڈالر میں سمندری اور اور زمینی راستے گندم اور گندم کی مصنوعات کوایکسپورٹ کی اجازت دے تاکہ گندم کے ساتھ ویلیو ایڈڈگندم مصنوعات کو دنیابھر میں بھجوایاجاسکے۔