اے این پی اور تورغر لازم و ملزوم ہیں، حیدر خان ہوتی کا تورغر کے ساتھ جذباتی لگائو ہے، لائق محمد خان

پیر 30 اپریل 2018 17:27

تورغر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) تورغر کے حلقہ پی کے 35- سے اے این پی کے نامزد امیدوار لائق محمد خان نے کہا ہے کہ اے این پی اور تورغر لازم و ملزوم ہیں، سابق وزیراعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی کا تورغر کے ساتھ جذباتی لگائو ہے، وہ آپ لوگوں کے غیرت، خلوص، سچائی اور اے این پی سے محبت کی مثالیں دیتے ہیں، جن لوگوں نے 30 سال سے تورغر کا استحصال کیا ہے وہ عوام کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہو جائیں، شکست ان کا مقدر بن چکی ہے۔

وہ سوموار کو کند بسی خیل میں اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اہلیان علاقہ نے متفقہ طور پر اے این پی میں شمولیت اور لائق محمد خان کی حمایت کا اظہار کیا۔ اجتماع سے اے این پی کی صوبائی ورکنگ کمیٹی کے ممبر اور تحصیل ناظم کنڈر حسن زئی سید شہزاد شاہ، اے این پی ضلع تورغر کے جنرل سیکرٹری یوسف خان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ لائق محمد خان نے کہا کہ تورغر کے لوگ انتقامی سیاست کرنے والوں سے تنگ آ چکے ہیں، غریبوں سے کی گئی ہر زیادتی کا حساب ہم لیں گے، تورغر میں کوئی غریب فرد اور سرکاری ملازم خود کو تنہا نہ سمجھے، لائق محمد خان ایسے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔