Live Updates

مشکل وقت میں ساتھ کھڑے رہنے والے ساتھیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، نواز شریف نے تمام دھمکیاں اور مراعات ٹھکرا کر پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا،

سی پیک کا سہرا بھی ان کے سر ہے، مسلم لیگ (ن) نے ملک سے توانائی کا بحران اور دہشت گردی ختم کی مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا ملتان اور بہاولپور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماؤں سے خطاب

پیر 30 اپریل 2018 19:18

مشکل وقت میں ساتھ کھڑے رہنے والے ساتھیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، نواز ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں ساتھ کھڑے رہنے والے ساتھیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، نواز شریف نے تمام دھمکیاں اور مراعات ٹھکرا کر پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، سی پیک کا سہرا بھی ان کے سر ہے، مسلم لیگ (ن) نے ملک سے توانائی کا بحران اور دہشت گردی ختم کی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں ملتان اور بہاولپور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے بھی خطاب کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے مخلص کارکن پارٹی کیلئے چٹان کی طرح کھڑے ہیں، ہم مشکل حالات میں ساتھ کھڑے رہنے والے ساتھیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کی محنت رنگ لائے گی اور کامیابی مقدر بنے گی۔ شہباز شریف نے کہاکہ ایٹمی دھماکے نہ کرنے پر آمادہ کرنے کیلئے نواز شریف کو دھمکیاں تک دی گئیں اور انہیں ایٹمی دھماکے نہ کرنے کیلئے مختلف لالچ بھی دیئے گئے لیکن نواز شریف ڈٹے رہے اور پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کی جرأت دکھائی۔ شہباز شریف نے کہاکہ پاک۔

چین لازوال دوستی کا سہرا بھی نوازشریف کے سر جاتا ہے، ملک سے اندھیرے دور کرنے کے لئے توانائی کے تمام منصوبے نواز شریف کے وژن کے عکاس ہیں، ہم نے اچھے ورکرز کے طور پر کام کرتے ہوئے توانائی بحران ختم کیا۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کے جلسوں میں عوام کی تعداد دن بدن کم ہوتی جا رہی ہے۔ عمران خان پانچ سال کہاں تھے، خیبرپختونخوا میں کیا کیا انہوں نے دھرنے اور احتجاجی سیاست کر کے ملک و قوم کا وقت برباد کیا۔

شہباز شریف نے کہاکہ کراچی کے عوام نے شہر میں امن قائم کرنے پر نواز کا شکریہ ادا کیا۔ کراچی کے عوام نے کہا کہ ہم نواز شریف کا احسان نہیں چکا سکتے۔ انہوں نے کہاکہ (ن) لیگ کی سیاست قوم کی خدمت اور ملکی ترقی کی سیاست ہے۔ رکاوٹوں کے باوجود ترقیاتی منصوبوں کو معیار اور رفتار کے ساتھ آگے بڑھایا۔ انہوں نے کہاکہ قوم کو مشکلات سے دوچار کرنے والوں کو عوام کی خوشحالی سے تکلیف ہے، ملکی ترقی کے مخالفین نے خوشحالی کی جانب بڑھتے قدم روکنے کی سازشیں کیں۔

انہوں نے کہاکہ عوام دشمنوں نے پاکستان کی منزل کو کھوٹا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیاکہ جب تک جان میں جان ہے عوام کی بے لوث خدمت کرتا رہوں گا اور مسلم لیگ (ن) عوامی خدمات کا سفر پوری رفتار سے جاری رکھے گی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات