ستمبر 2018ء تک ہونہار طالب علموں میں ایک لاکھ مزید لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے

پیر اپریل 21:18

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اپریل2018ء) ستمبر 2018ء تک ملک بھر کے مستحق اور ہونہار طالب علموں میں ایک لاکھ مزید لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے جس کے لئے وزارت خزانہ نے پانچ ارب 28 کروڑ 70 لاکھ روپے جاری کر دیئے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پرائم منسٹر لیپ ٹاپ سکیم کے تحت ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی میں ان رول طلباء اور طالبات کو ایک لاکھ لیپ ٹاپ دیئے گئے ہیں جبکہ اس کے علاوہ ماسٹر اور بیچلر سٹوڈنٹس کو میرٹ کی بنیاد پر بقیہ لیپ ٹاپ دیئے گئے ہیں۔

اس سکیم کے تحت ایک لاکھ مزید لیپ ٹاپ مستحق طلباء تک ستمبر 2018ء تک تقسیم کئے جائیں گے۔ اس کے پی سی ون کی منظوری ہو چکی ہے۔ فیز I میں پنجاب کے طالب علموں کو 32 ہزار 924، دوسرے مرحلے میں 45 ہزار 765 اور تیسرے مرحلے میں 44 ہزار 956 لیپ ٹاپ دیئے جانے ہیں۔

(جاری ہے)

سندھ کو پہلے مرحلے میں 20988، دوسرے میں 16250 جبکہ تیسرے مرحلے میں 18219 لیپ ٹاپ دیئے جانے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں پہلے مرحلے میں 14394، دوسرے میں 13899 جبکہ تیسرے مرحلے میں 13893، بلوچستان میں پہلے مرحلے میں 4114، دوسرے مرحلے میں 3294، تیسرے مرحلے میں 2842، آزاد کشمیر میں پہلے مرحلے میں 2967، دوسرے میں 2199، تیسرے میں 1627، فیڈرل کیپٹل میں پہلے مرحلے میں 24267، دوسرے میں 18080، تیسرے میں 18052 طالب علم اس سے مستفید ہوں گے۔

گلگت بلتستان کے طالب علموں کو پہلے مرحلے میں 346، دوسرے مرحلے میں 513 اور تیسرے مرحلے میں 411 لیپ ٹاپ فراہم کئے جائیں گے۔