جامعہ اردو بغیر نوٹیفکیشن کے بند، طلبہ پریشان، جمعیت کا احتجاج

امتحانی فارم کی آخری تاریخ کو جامعہ بغیر اطلاع بند کرنا قابل مذمت ہے، ترجمان جمعیت جامعہ اردو

پیر 30 اپریل 2018 23:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) جامعہ اردوعبدالحق کیمپس بغیر کسی واضح نوٹیفیکیشن کے اجراء کے بند کردی گئی۔ طلبہ و طالبات پریشان ہوگئے۔ جمعیت کے کارکنان نے موقع پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔ نحض تدریسی عمل معطل رہنے کے اعلان کے باوجود انتظامی امور کو بھی بند رکھا گیا اور طلباء کو جامعہ میں داخل نہ ہونے دیا گیا، اسرار کرنے پر گارڈز کی جانب بدتمیزی کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جامعہ میں اساتذہ کے انتخابات کے باعث تدریسی عمل کو معطل رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ تاہم ریگولر طلباء کے اندراجی و امتحانی فارمز جمع کروانے کی آخری تاریخ ہونے کے باعث طلباء کی بڑی تعداد جامعہ پہنچی۔دروازے پر موجود چوکیداروں کی جانب سے طلباء کو یہ کہہ کر روک دیا گیا کہ آج جامعہ بند ہے۔

(جاری ہے)

استفسار کرنے پر انہیں مناسب انداز میں جواب دینے کے بجائے بد تمیزی سے پیچھے دھکیل دیا گیا۔

اس واقعے پر اسلامی جمعیت طلبہ کی جانب احتجاج ریکارڈ کروایا گیا اور جامعہ کے دروازے پر دھرنا دیا گیا۔ تاہم مشیر امور طلبہ نے اپنے رویے کو برقرار رکھتے ہوئے احتجاجی طلبہ کو دھمکیاں دیں اور برے الفاظ استعمال کیے۔ ترجمان جمعیت جامعہ اردو کے مطابق عملے کا رویہ غیر مہذبانہ تھا ۔ اور آخری تاریخ کو فارم جمع کروانے سے روک دینا سمجھ سے بالا تر ہے۔ ہم وائس چانسلر سے مطالبہ کرتے ہیں اس عمل میں ملوث افراد کی فی الفور سرزنش کی جائے۔ اساتذہ کے محترم درجے کی حرمت کا احساس دلایا جائے اور ایک دن ضائع ہوجانے کے باعث فارم جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کی جائے۔