پنگریو جھڈو شاہراہ کا تعمیراتی کام التوا کا شکار،ملکانی شریف کے نوجوانوں نے احتجاجی تحریک کا آغاز کردیا

منگل 1 مئی 2018 16:10

پنگریو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2018ء) پنگریو جھڈو شاہراہ کا تعمیراتی کام التوا کا شکار ہونے کے خلاف ملکانی شریف کے نوجوانوں نے احتجاجی تحریک کا آغاز کردیا ہے اس سلسلے میں نوجوانوں کی تنظیم گیان ستھ کی جانب سے ملکانی شریف میں احتجاجی ریلی نکالی گئی اور مین کوسٹر اسٹینڈ پر احتجاجی مظاہرہ کر کے دھرنا دیا گیااس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین یونس ملکانی.جمیل لغاری.منیر احمد.

(جاری ہے)

جیند پتافی اور دیگر نے کہا کہ پنگریو جھڈو شاہراہ گزشتہ کئی سالوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے یہ شاہراہ سندھ کے چار اضلاع کو باہم ملاتی ہے اس شاہراہ کی مرمت کے لیے متعدد بار بجٹ مختص کیا جاتا رہا ہے مگر اس کے باوجود اس شاہراہ کا تعمیراتی کام مکمل نہیں کیا گیا انہوں نے کہا کہ اس شاہراہ کی مرمت کے لیے مختص کردہ بجٹ مبینہ طور پر کرپشن کی نظر ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے تعمیراتی کام ادھورا پڑا ہے مقررین نے کہا کہ علاقے سے منتخب رکن قومی اسمبلی کمال خان چانگ نے ملکانی شریف میں عوامی اجتماع کے دوران اس شاہراہ کا تعمیراتی کام جلد مکمل کیے جانے کا وعدہ کیا تھا مگر دو سال سے زائد عرصہ گزرجانے کے باوجود کمال خان چانگ نے بھی اپنے اس وعدے پر عمل نہیں کرایا مقررین نے کہا کہ شاہراہ کا تعمیراتی کام التوا کا شکار ہونے کے باعث اس شاہراہ کے ذریعے سفر کرنے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے خاص طور پر طلبہ وطالبات.مریض اورملازم پیشہ طبقہ جو روزانہ اس شاہراہ پر سفر کرتا ہے زیادہ پریشان ہے جبکہ تاجر بھی اس شاہراہ کے ژریعے ہونے والی تجارت ختم ہوجانے کے باعث معاشی بد حالی کا شکار ہیں مقررین نے وزیر علی سندھ اور دیگر حکام سے اس معاملے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا احتجاجی مظاہرہن نے اس موقع پر نعرے بازی بھی کی