پاک پی ڈبلیو ڈی میں اقرباء پروری و سفارش ،مستحق خواتین کوحق نہ مل سکا

فاطمہ جناح وومن ہاسٹل میں بھاری رشوت و سفارش پر42کمرے غیرمستحق خواتین کو الاٹ حق دار خواتین ر ہائش سے محروم اوردربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبورہوگئیں وزیراعظم ہائوس سے لے کر متعلقہ وفاقی وزیر تک سب نے چپ سادھ لی مستحق خواتین کی جانب سے وزیراعظم ،اعلیٰ عدلیہ اور متعلقہ حکام سے نوٹس لینے کی اپیل

منگل 1 مئی 2018 21:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2018ء) وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کے ماتحت ادارے پاک پی ڈبلیو ڈی میں اقرباء پروری ، سفارش اور بھاری کرپشن پیش نظر فاطمہ جناح وومن ہاسٹل میں غیر مستحق خواتین کے کمروں کی اندھا دھند الاٹمنٹ کرکے حق دار خواتین کو دیگر محلوں میں رہنے پر مجبور کردیا گیا، وزیراعظم ہائوس سے لے کر متعلقہ وفاقی وزیر تک سب نے چپ سادھ لی ہے،سرکاری اداروں میں کرنیوالی اہل خواتین کی جانب سے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

پاک پی ڈبلیو ڈی ذرائع سے ملنے والی دستاویزات کے مطابق 81 کمروں پر مشتمل فاطمہ جناح وومن ہاسٹل میں 42کمرے غیر مستحق خواتین کو رشوت اور سفارش کی بنیاد پر الاٹ کیے گئے ہیں جبکہ 39کمرے مستحق خواتین کو موجودہ دور حکومت سے قبل الاٹ کیے گئے تھے جو تاحال ان کمروں میں مقیم ہیں۔

(جاری ہے)

معلومات کے مطابق غیر قانونی کمروں کی الاٹمنٹ کروانے والی خواتین کا تعلق این جی اوز ، بنک ، نیب اور دیگر سیکٹرز سے ہے جو کسی صورت میں سرکاری ہاسٹل میں رہنے کے لئے اہلیت نہیں رکھتیں۔

وفاقی دارالحکومت کی بیشتر وزارتوں میں خواتین ملازمین جوکہ درجہ چہارم سکیل پر موجود ہیں اور ان کی تنخواہیں کم ہونے کے باوجود وہ باہر مہنگی ترین رہائشیں کرایے پر لینے کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھارہی ہیں ۔دستاویزات کے مطابق غیر قانونی طور پر کمروں کی الاٹمنٹ کرانے والی خواتین میں سے فرحت افتخار گل ، بشریٰ گل ، ریاست بی بی ، سمیرا ، رخسانہ بی بی ، نصیبہ بی بی ، فائزہ خالد ، ثمینہ راحیل ، صدف بخاری ، ساجدہ نورین ، نازش انور ، تسلیم ممتاز،سیدہ ملیحہ شبیر ، فوزیہ طارق ، مہجبین، قرةالعین ، اما داد خان ، مریم نوشہ ، ثمینہ ناز ، مہوش فخر ، نوشین انور ، فرح ناز ، ثمینہ ملک ، عائشہ شاہ ،حدیبہ بی بی ، حنا ظہور ، شگفتہ نجیب ، فلک ناز ، نورالصباح ، انیسہ سکندر ،عائشہ مشتاق ، عائشہ کلثوم ، طلحہ ناز ، فقیہ ظفر ، نائلہ انور ، نائلہ شریف ، نادیہ رشید ، شازیہ خان ، عائشہ صدیق ،عروج خرم ،سیدہ تمکنات ، سروت احسن ، روبینہ قادرشامل ہیں ۔

پی ڈبلیو ڈی ذرائع کے مطابق متعدد خواتین نے اعلیٰ عدلیہ ، وزیراعظم اور وزارت کے نام پر درخواستیں ارسال کررکھی ہیں جن میں التجا کی گئی ہے کہ اسلام آباد میں وومن ہاسٹل کو اقرباء پروری ، سفارش اور لاکھوں روپے رشوت کے باعث کمرے الاٹ کیے جارہے ہیں جبکہ مستحق اور قانون طور پر اہلیت رکھنے والی خواتین کو فرموش کیا جارہا ہے ، درخواست میں انہوں نے اپیل کی ہے کہ غیر مستحق خواتین کو ہاسٹل سے فارغ کرکے مستحق اور درجہ چہارم کی خواتین کو موقع دیا جائے تاکہ وہ اپنے آپ کو محفوظ رکھ سکیں ۔پی ڈبلیو ڈی ذرائع کے مطابق وزارت ہائوسنگ نے ابتدائی طور پر مذکورہ درخواست گزاروں کی اپیل کو کسی خاطر میں نہ لاتے ہوئے مذکورہ عملہ کو کارروائی سے روک رکھا ہے۔ظفرملک