کوئٹہ، جب حکومت عوام کو سیکورٹی نہیں دے سکتی تو ریلیف کیسے دے سکتی ہے، نوابزادہ میرسراج رئیسانی

عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا تاہم وفاقی حکومت نے بجٹ کیساتھ ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا ، چیئرمین بلوچستان متحدہ محاذ

منگل 1 مئی 2018 22:34

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2018ء) بلوچستان متحدہ محاذ کے چیئرمین و پاکستان پرست رہنماء نوابزادہ میرسراج رئیسانی نے کہا ہے کہ جب حکومت عوام کو سیکورٹی نہیں دے سکتی تو ریلیف کیسے دے سکتی ہے عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا تاہم وفاقی حکومت نے بجٹ کیساتھ ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا جس سے غریب عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملا ہمارے ملک میں حکمران طبقے نے ہمیشہ مڈل کلاس پر ظلم کیا ہے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے غریب عوام ہی اس کا شکار ہونگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’آن لائن‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بدقسمتی جب ملک میں اقتدار طبقہ عوام کو سیکورٹی نہیں دے سکتا تو ان سے ریلیف کی توقع رکھنا کم عقلی ہو گی اس لئے حکومت سے توقع نہیں رکھنی چاہئے دعوے تو کرتے ہیں کہ ٹیکس نہیں لگایا مگر آئے روز پیٹرولیم مصنوعات سمیت اشیاء خورد ونوش پر ٹیکس لگایا جارہا ہے امن وامان کے حوالے سے حکومتوں کی کارکردگی صفر ہے خواتین اور بچے سراپا احتجاج ہیں حکومت کو سیکورٹی کی طرف توجہ دینا چاہئے دنیا جہاں کے ممالک میں حکومتیں عوام کو ہر چیز میں ریلیف دیتی ہیں مگر بدقسمتی سے یہاں ریلیف دینے کا کوئی نام نہیں ہے یہ بھی تخریب کاری ہے کہ عوام پر ٹیکس لگا کر ظلم کیا جائے انہوں نے کہا کہ اس ملک میں ہمیشہ مظلوم طبقے کو ہی ٹیکسوں کی زد میں لاکر نشانہ بنایا گیا انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں باہر کے سفارتخانوں کے لئے قیمتیں الگ ہیں اور عوام کے لئے الگ ہیں 5 سو ارب روپے کا بوجھ عوام پرڈالنا انصاف نہیں ہے عوام عام انتخابات میں ایسی قوتوں کو مسترد کریں جو عوام کو ریلیف نہیں دے سکتے ۔