پاکستان کوسٹ گارڈزکی اسمگلنگ کے خلاف مختلف کارروائیاں،منشیات اور ڈیزل برآمد ،6ملزمان گرفتار

بدھ 2 مئی 2018 17:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) پاکستان کوسٹ گارڈز نے مختلف کارروائیوں میں منشیات، ڈیزل ،موبائل فونز ،غیر ملکی کپڑا ،الیکٹرانک ،اشیا اور چھالیہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 6اسمگلرز کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ غیر قانونی طور پر ایران جانے والے 21تارکین وطن کو بھی حراست میں لے لیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ملک دشمن عناصر کی طرف سے اندرون/بیرون ملک اسمگلنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے کے لیے پاکستان کوسٹ گارڈزنے اپنی ذمہ داری کے علاقوں میں گشت اور چیکنگ میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہوا ہے۔

پاکستان کوسٹ گارڈز نے گذشتہ 15دنوں کے دوران مختلف جگہوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے ناکہ کھاری چیک پوسٹ (بلوچستان) مسافر کوچ کی چیکنگ کے دوران ایک مسافر سی12 کلوگرام حشیش ،سونا پاس چیک پوسٹ(Hawksbay) پرآئل ٹینکرسے 15,500لیٹر اسمگل شدہ ڈیزل ،گورانی جنگل، پسنی (بلوچستان ) مشکوک جگہ پر چھپائی ہوئی2100بوتلیں شراب اور 850بیئر کے ٹن،چوہڑ جمالی چیک پوسٹ ٹھٹہ(سندھ) پر چیکنگ کے دوران ایک رکشہ سے 10 کلوگرام حشیش ،پسنی(بلوچستان) کے قریب ڈوکی کے مقام پر ساحل سمندر پرریت میں چھپائی گئی00 10 کلوگرام حشیش ، ابراہیم حیدری چیک پوسٹ پرایک لانچ سے 2,500لیٹر اسمگل شدہ ڈیزل ،مختلف گاڑیوں سے لاکھوںروپے مالیت کا سامان جس میں مختلف کمپنیوںکے موبائل فونز،غیر ملکی کپڑا ، الیکٹرانک اشیاء مختلف گاڑیوں کے ٹائراور سپیئر پارٹسبرآمد کرلیے ہیں ۔

(جاری ہے)

کوسٹ گارڈز پاک ایران بارڈر پر کارروائی کرتے ہوئی21تارکین وطن کو بھی گرفتار کیا گیا جو کہ غیر قانونی طور پر ایران جانیکی کوشش کر رہے تھے۔تمام اسمگل کی جانے والی منشیات ، متفرق اشیاء ، گاڑیاں اور 6اسمگلرز اور21تارکین وطن کو پاکستان کوسٹ گارڈز نے اپنی تحویل میںلے لیا ہے اور مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے ۔ پکڑی جانے والی منشیات ،متفرق اشیاء اور گاڑیوںکی مالیت اربوں روپے ہے۔پاکستان کوسٹ گارڈز اس امر کا اعادہ کرتی ہے کہ مستقبل میںبھی اس طرح کی کاروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی تا کہ وطنِ عزیز کو اس لعنت سے نجات دلائی جا سکے اور اس مقصد کے حصول کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا۔