کے الیکٹرک کے اعلیٰ حکام بد مست ہاتھی کا کردارادا کرر ہے ہیں،عبدالحاکم قائد

تعطیلات کے دنوں میں بھی بدترین لوڈشیڈنگ کی مذمت

بدھ 2 مئی 2018 22:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2018ء) پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے تعطیلات کے دنوں میں بھی کے الیکٹرک کی بدترین لوڈشیڈنگ کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ کے لیکٹرک کے اعلیٰ حکام بد مست ہاتھی کا کردارادا کرر ہے ہیں ۔کراچی کو میگا سٹی کا درجہ دے کرکے الیکٹرک کی بدمعاشی سے چھٹکارہ حاصل کیاجائے ۔ کراچی جب میگا سٹی بنے گا تو کراچی کا اپنا بجلی ،پانی ،روزگار ،صحت وتعلیم کا نظام ہوگا اور عوام کو بنیادی حقوق ملیں گے ۔

مہنگائی نے کراچی کے عوام کی معاشی حالت ابتر کردی ہے ۔حکمران غریبوں کے لئے بجٹ نہیں بناتے بلکہ حکومتی بجٹ حکمران طبقہ سمیت صرف امیروں کے لئے ہوتا ہے ۔ غریب عوام دال روٹی سے بھی محروم کردیئے گئے ہیں ۔اگر حکمران عوامی بجٹ پیش کرتے تو چینی ،آٹا ،تیل ،گھی ،چائے کی پتی اورروز مرہ استعمال کی اشیاء کم از کم آدھی قیمتوں پرعام مارکیٹوں میں عوام کو دستیاب ہوتیں ،۔

(جاری ہے)

یوٹیلیٹی اسٹورز انتہائی ناکافی ہیں جہاں تک غریب لوگوں کی پہنچ نہیں ۔ پاسبان کی جانب سے کراچی کو میگا سٹی بنانے کی مہم کا مقصد کراچی کے عوام کو عام سستی اشیاء خوردنوش کی دستیابی اور بنیادی حقوق فراہمی ہے ۔ انہوں نے اپیل کی کہ عوام 13مئی کو اپنے گھروں سے نکلیں 3بجے مزار قائد پہنچیں اور میگا سٹی میگا مارچ میں بھرپور شرکت کریں ، حقوق کے لئے نکلے بغیر حقوق نہیں مل سکتے ۔

وہ میگا سٹی میگا مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے ملیر ،کھوکھرا پاراور لانڈھی کے دورے کے موقع پر پاسبان ذمہ داراناور ورکرز میٹنگز میں گفتگو کررہے تھے ۔ اس موقع پر پاسبان ضلع کورنگی کے صدر محمد حامد صدیقی ،جنرل سیکریٹری نعیم ربانی ،ملیر کے عبدالغنی ،طارق بلوچ ،کھوکھرا پار کے آرگنائزر عارف راٹھو ر، لانڈھی کے آرگنائزر حکیم شہاب الدین ،ناصر ولی ،محمد ثاقب و دیگر بھی موجود تھے