فیصل آباد:دمہ کا عالمی دن بھر پور طریقے سے منایا گیا

جمعرات 3 مئی 2018 16:49

فیصل آباد۔3 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) عالمی ادارہ صحت، ورلڈ ایستھما سوسائٹی ، صوبائی وزارت صحت ، محکمہ صحت حکومت پنجاب ، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ ، چیسٹ سوسائٹی پنجاب اور گلوبل انیشی ایٹو فارایزما کے زیر اہتمام گذشتہ روز دمہ کا عالمی دن بھر پور طریقے سے منایا گیا،اس موقع پر فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں "آپ خود اپنے دمہ پر قابو پا سکتے ہیں" کے عنوان سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن سے پلمونری میڈیسن سپیشلسٹس ،چیسٹ سپیشلسٹس ، ماہرین کریٹیکل کیئر ڈیپارٹمنٹ اور طبی ماہرین امراض سینہ نے خطاب کیا، انہوںنے بتایا کہ یہ مرض سانس کی نالیوں یا پھیپھڑوں کی نالیوں میں خرابی کا مرض کہلاتا ہے جبکہ دیگر امراض کی طرح یہ عارضہ بھی پاکستان میں تیزی سے بڑھ رہا ہے جس کی بنیادی وجہ مرض سے متعلق عدم آگاہی ہے، دمہ سانس کی نالیوں کا عارضہ ہے جو ان نالیو ں کی سوزش کی وجہ سے لاحق ہوجاتا ہے ، دمے کی مختلف وجوہات ہوسکتی ہیں جن میں مٹی ، دھول، پولن ، جانوروں کی کھال، سینے کا ا نفیکشن ، تمباکو نوشی و جذباتی دباؤ بھی شامل ہے، دمہ کے عالمی دن کے موقع پر الیکٹرانک میڈیا نے خصوصی معلوماتی پروگرام نشر کئے جبکہ پرنٹ میڈیا نے بھی خاص مضامین کی اشاعت کا اہتمام کیا۔