چکوال پولیس کو جدید خطوط پر استوار کیا جا چکا ہے، چوہدری ذوالفقار احمد

جمعرات 3 مئی 2018 17:51

چکوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چکوال چوہدری ذوالفقار احمد نے کہا ہے کہ چکوال پولیس کو جدید خطوط پر استوار کیا جا چکا ہے اور اینٹی رائٹ ٹریننگ یونٹ کے ملازمین کی آج کارکردگی کو دیکھ کر پتہ چلتا ہے کہ کسی بھی مجمعے اور خلاف قانون اجتماع وغیرہ کی روک تھام کیلئے چکوال پولیس اب کسی بھی تربیت یافتہ پولیس کے مقابلے میں پیچھے نہیں اور ہم چکوال پولیس کو مزید جدید ٹیکنالوجی سے لیس کر کے پورے پنجاب کی مثالی پولیس بنائیں گے ۔

وہ ڈسٹرکٹ پولیس لائن چکوال میں جمعرات کو دوسرے اینٹی رائٹ ٹریننگ یونٹ کی پاسنگ آئوٹ تقریب میں خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر اے ایس پی تلہ گنگ سرکل اکرام اللہ خان، ڈی ایس پی صدر سرکل چکوال افتخار احمد خان، ڈی ایس پی چوآسیدنشاہ جاوید اقبال، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر چوہدری اثر علی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر چوہدری اثر علی نے تمام آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔

ماسٹر ٹرینر اے ایس آئی امان اللہ اور اے ایس آئی بدر منیر نے زیر تربیت تمام ملازمین کیساتھ اینٹی رائٹ ٹریننگ یونٹ کا عملی مظاہرہ پیش کیا جن میں لائن فارمیشن، روف فارمیشن، وی فارمیشن، سرکل فارمیشن،سپیشل دستے، واٹر کینن فارمیشن اورسرٹیفکیٹ ڈسٹربیوشن کے مظاہرے کیے۔آخر میں اینٹی رائٹ یونٹ کے ملازمین اور افسران نے سلامی دی اور پاکستان زندہ باد کا فلک شگاف نعرے بلند کیا۔