تعلیم بارے وفاق اپنی ذمہ داریاں پوری کرتا رہیگا، ملک میں ریکارڈ تعداد میں بچوں کا سکولوں میں داخلہ بڑی کامیابی ہے،انجینئر محمد بلیغ الرحمن

والدین کا بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کرانا اعتماد کی بحالی کی علامت ہے، یکساں اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نئے تعلیمی نصاب کو پورے ملک میں رائج کیا جائیگا، مسلم لیگ (ن) کی بہتر پالیسیوں کی وجہ سے ہماری جی ڈی پی گروتھ میں اضافہ ہوا ہے، وزیر تعلیم کا تقریب سے خطاب

جمعرات 3 مئی 2018 20:40

تعلیم بارے وفاق اپنی ذمہ داریاں پوری کرتا رہیگا، ملک میں ریکارڈ تعداد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2018ء) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ تعلیم بارے وفاق اپنی ذمہ داریاں پوری کرتا رہیگا، ملک میں ریکارڈ تعداد میں بچوں کا سکولوں میں داخلہ بڑی کامیابی ، والدین کا بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کرانا اعتماد کی بحالی کی علامت ہے، ملک میں یکساں اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نئے تعلیمی نصاب کو پورے ملک میں رائج کیا جائے گا، مسلم لیگ (ن) کی بہتر پالیسیوں کی وجہ سے ہماری جی ڈی پی گروتھ میں اضافہ ہوا ہے۔

وفاقی وزیر انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے یہ بات جمعرات کو قومی کمیشن برائے پیشہ ورانہ و تکنیکی تربیت (نیوٹیک) کے زیر اہتمام دو روزہ بین الاقوامی ٹیوٹ کانفرنس 2018ء بعنوان’نمو اور روز گار کیلئے ٹیوٹ میں صنعتی روابط ‘ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس نوجوانوں کو ہنر مند اور مختلف فنون سے آراستہ کرنے کی پالیسی کو حتمی شکل دینے میں معاون ثابت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد تعلیم صوبوں کو منتقل ہو گئی ہے تاہم اس کے باوجود وفاق اپنی ذمہ داریاں پوری کرتا رہے گا اور صوبوں کو ہر قسم کی معاونت فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سکول جانے کی عمر کے سکولوں سے باہر بچے ایک بڑا چیلنج ہیں، ہماری حکومت نے اس پر کام کیا اور ملک میں ریکارڈ تعداد میں بچے سکولوں میں داخل ہوئے جو ایک بڑی کامیابی ہے۔

بلیغ الرحمن نے کہا کہ ملک میں تعلیم کے معیار میں اضافہ ہوا ہے اور یہی وجہ ہے کہ والدین نے اپنے بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کرانا شروع کر دیا ہے اور یہ ہماری ایک بہت بڑی کامیابی ہے کہ ہم نے والدین کا اعتماد حاصل کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ بہتر پاکستان بہتر دنیا کی ضمانت ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں نوجوانوں کی تعداد بہت زیادہ ہے اور یہ ہمارے لئے اللہ تعالیٰ کی جانب سے بہت بڑا عطیہ ہے، پاکستان میں نوجوانوں میں بہتر تبدیلی آ رہی ہے اور وہ درست سمت کی طرف جا رہے ہیں، ہمارے نوجوان مستقبل کے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں یکساں اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نیا تعلیمی نصاب تیار کیا گیا ہے جسے پورے ملک میں رائج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئے نصاب میں شخصیت کی تعمیر، رویوں کو بہتر بنانے اور قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرنے پر کام کیا گیا ہے۔ محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں تعلیم میں نوجوانوں کے لئے بہت کوشش کی تاہم ابھی بہت کچھ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی بہتر پالیسیوں کی وجہ سے ہماری جی ڈی پی گروتھ میں اضافہ ہوا ہے، توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مختلف منصوبے شروع کئے گئے اور ان میں بہت سے مکمل ہو گئے ہیں، ہم نے توانائی کی کمی پر کافی حد تک قابو پا لیا ہے، ہماری کوشش ہے کہ توانائی کی کمی پر قابو پاتے ہوئے اس کی قیمت کو بھی کم کیا جائے۔ قبل ازیں نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ، میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز، یورپی یونین کے سفیر جین فرانکوس، جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر، ناروے کے سفیر ٹور نیڈرب نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔

کانفرنس میں ٹیوٹ سے متعلق ملکی و غیر ملکی ماہرین، صنعتکار، یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، پالیسی ساز اور مختلف ممالک کے سفارتی حکام نے شرکت کی۔ کانفرنس کے انعقاد جی آئی زیڈ، نارویجن ایمبیسی، جرمنی کی تعاون تنظیم اور یورپی یونین کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔