آئند ہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) ساہیوال سے کلین سویپ کریگی،پیر سید عمران احمد شاہ

جمعرات 3 مئی 2018 20:47

ساہیوال۔3 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے راہنما وممبرقومی اسمبلی پیر سید عمران احمد شاہ نے کہاہے کہ ساہیوال کے تاریخی جلسہ آنیوالے الیکشن میں سیاسی مخالفین کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا ۔ 2018کے الیکشن میں مسلم لیگ ن ساہیوال سے کلین سویپ کریگی۔میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ محمد نوازشریف اور مریم نوا ز کو ساہیوال کے عوام نے جو پیار‘ محبت اور جلسہ گاہ میں آکر اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیاہے اس پر عوام کامشکور ہوں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ شریف برادران نے ملک پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرکے سابقہ حکمرانوں کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں اور آئندہ الیکشن میں ن لیگ ہی کامیاب ہوگی عوام کے بنیادی مسائل کو ترجیحی بنیادوںپر حل کرنامسلم لیگ ن کی ہمیشہ اولین ذمہ داری رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ ن نے ملک کو شدید بحرانوں اور اندھیروںسے نکال کر روشنی ‘ترقی ‘خوشحالی اور مستحکم پاکستان کی جانب گامزن کردیا ہے۔ ن لیگ کی حکومت نے پنجاب میں سڑکوں کا جال بچھا کر ترقی یافتہ ملکوںکی صف میں کھڑ ا کردیاہے۔ مخالفین کی جانب سے شدید رکاوٹوں کے باوجود اورنج لائن منصوبہ تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے جو عنقریب پایہ تکمیل پہنچنے والاہے۔