بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

جمعرات 3 مئی 2018 23:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 مئی2018ء) تحریک انصاف کی رکن ڈاکٹر نوشین حامد نے بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ گیس اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے حکومت کے دعووں کا پول کھول دیا ہے۔لوڈشیڈنگ کے خلاف لاہور سمیت دیگر شہریوں میں عوام سراپا احتجاج ہیں ۔

(جاری ہے)

لوڈشیڈنگ کی وجہ سے طلبا ،والدین،کسان مزدور سمیت ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے شہری پریشان ہیں۔موجودہ حکومت نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا دعوی کیا تھا مگر پانچ سال گزر جانے کے باوجود خاتمہ ممکن نہ ہو سکا۔جبکہ بجلی کی قیمتوں میں ہر سال اضافہ کیا جا رہا ہے۔لہذا یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کو فی الفور ختم کر کے بلوں کی قیمتوں میں اضافے کو کم کیا جائے۔