ہرش وردھن کی فلم ’’بھاوش جوشی ‘‘ رواں ماہ کی 25تاریخ کو ریلیز ہو گی

ابھی تو میں کنگال ہوں اس لئے میں اپنی بہن سونم کپور کو اس کی شادی پر صرف ڈھیر سارا پیار ہی دے سکتا ہوں‘ہرش وردھن کپور

جمعہ 4 مئی 2018 12:25

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) ہندوستانی فلم انڈسٹری کی کوئی بھی اداکارہ شادی کا اعلان کر دے تو بھارتی میڈیا کا زیادہ وقت اس اداکارہ کے ماضی ،حال اور مستقبل پر نت نئے تبصرے کرتے ہوئے گذرتا ہے ،ابھی حال ہی میں انوشکا شرما کی شادی بھارتی میڈیا پرچھائی ہوئی تھی اور اب بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سونم کپور کی اپنے بوائے فرینڈ آنند اہوجا سے ہونے والی شادی میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہے ،سونم کپور کے بھائی اور انیل کپور کے صاحبزادے ہرش وردھن کپور نے اپنی بہن کو شادی کا ایسا ’’ نادر تحفہ ‘‘ دینے کا اعلان کیا ہے کہ آپ بھی ہنس ہنس کر بے حال ہو جائیں گے ۔

بھارتی نجی ٹی وی چینل کے مطابق بالی ووڈ کے اداکار اور کپور فیملی کے چشم و چراغ ہرش وردھن اپنی نئی آنے والی فلم ’’بھاوش جوشی ‘‘ کی پرموشن میں مصروف ہیں ،جب میڈیا نے ہرش وردھن سے ان کی بہن سونم کپور کی شادی کے حوالے سے سوال کیا تو ہرش کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت فلم’ ’بھاویش جوشی‘‘ کے پروموشن میں مصروف ہیں، اس لیے اسے شادی کی تیاریوں کے بار ے میں زیادہ نہیں پتا تاہم وہ بہت خوش ہیں کہ ان کی بہن کی شادی ہو رہی ہے جبکہ میرا ہونے والا بہنوئی آنند اہوجا کافی اچھا لڑکا ہے اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ وہ میری بہن کی پسند ہے ۔

(جاری ہے)

صحافیوں نے جب ہرش وردھن کپور سے سوال پوچھا کہ وہ اپنی بہن کو شادی پر کیا تحفہ دے رہے ہیں تو ان کا مسکراتے ہوئے کہنا تھا کہ ابھی تو وہ ’’کنگال ہیں،جس طرح کی میں فلمیں کر رہا ہوں ،ان کا معاوضہ تو بہت ہی کم ہے ،اس لئے میں اپنی بہن سونم کپور کو اس کی شادی پر صرف ڈھیر سارا پیار ہی دے سکتا ہوں ۔واضح رہے کہ ہرش وردھن کی فلم ’’بھاوش جوشی ‘‘ رواں ماہ کی 25تاریخ کو ریلیز ہو گی ۔