پنجاب صحت کے لحاظ سے سب سے آگے ‘ صوبے میں 9سٹی سکین مشینیں کام کررہی ہیں‘ شہباز شریف

مریضوں کا مفت علاج کیا جارہا ہے‘ ہیپاٹائٹس سے نمٹنے کے لئے ہر قسم کی سہولیات اور ادویات موجود ہیں وزیراعلیٰ پنجاب کا ڈی ایچ کیو ہسپتال میں نئے ایمرجنسی بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 4 مئی 2018 13:30

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 مئی2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب صحت کے لحاظ سے سب سے آگے ہے‘ پورے پنجاب کے اضلاع میں اس وقت 9سٹی سکین مشینیں کام کررہی ہیں‘ مریضوں کا مفت علاج کیا جارہا ہے‘ ہیپاٹائٹس سے نمٹنے کے لئے ہر قسم کی سہولیات اور ادویات موجود ہیں۔ جمعہ کو شہباز شریف نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں نئے ایمرجنسی بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں سب کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں میں ان تمام افراد کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے حکومت پنجاب کے اخراجات پر ہسپتال مکمل کرنے میں وقت صرف کیا۔

اس کے ساتھ میں وہاڑی کے تمام لوگوں کو اس ڈسٹرکٹ ہسپتال کے بننے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

بدقسمتی سے پاکستان ہیپاٹائٹس کے مرض میں پائے جانے والے ممالک میں شمار ہوتا ہے۔ اس ہسپتال سے نہ صرف وہاڑی بلکہ مختلف علاقوں کے لوگ علاج سے فیض یاب ہوسکیں گے۔ اس ہسپتال میں ہیپاٹائٹس سے نمٹنے کے لئے ہر قسم کی سہولیات اور ادویات موجود ہیں صوبہ پنجاب صحت کے لحاظ سے نہ صرف پاکستان بلکہ دوسرے ممالک کا بھی مقابلہ کرسکتا ہے یہاں پر سی ٹی سکین کا بھی افتتاح کیا گیا ہے سی ٹی سکین کی مشینیں پنجاب کے تمام اضلاع میں قائم کی جارہی ہیں پورے پنجاب کے اضلاع میں اس وقت نو سی ٹی سکین مشینیں کام کررہیں۔

بیس مزید سی ٹی سکین کی مشینیں قائم کی جارہی ہیں۔ یہ تمام مشینیں جاپانی کمپنیوں سے خریدی گئی ہیں سی ٹی سکین مشین چوبیس گھنٹے کام کررہی ہیں مریضوںکا مفت علاج کیا جارہا ہے۔