قصور ریلی میں عدلیہ مخالف نعرے ،

نامزد ایم این اے، ایم پی اے سمیت تمام ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم

جمعہ 4 مئی 2018 16:15

قصور ریلی میں عدلیہ مخالف نعرے ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے قصور ریلی میں عدلیہ مخالف نعرے بازی کے مقدمہ میں نامزد ایم این اے، ایم پی اے سمیت تمام ملزمان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کا حکم دیدیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں 3رکنی فل بینچ نے کیس کی سماعت کی۔عدالتی حکم پر نامزد ملزمان ایم این اے وسیم اختر، ایم پی اے نعیم صفدر، چیئرمین بلدیہ قصور ایاز خان، وائس چیرمین احمد لطیف کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے ڈی پی او قصور سے استفسار کیا کہ عدلیہ مخالف ریلی نکالنے والے ناصر خان اور جمیل خان کہاں ہیں ۔ڈی پی او قصور نے جواب دیا کہ ملزمان ناصرخان اورجمیل خان پہلے روز سے فرار ہیں۔عدالت نے استفسار کیا کہ مفرور ملزمان کو کیوں گرفتار نہیں کیا گیا، ڈی پی او قصور نے بتایا کہ مقدمے میں متعدد ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے عدلیہ مخالف تقاریر کے مقدمہ میں نامزد ایم این اے ، ایم پی اے سمیت تمام ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے ڈی پی او قصور کو ہدایت کی ہے کہ اگر معاملہ سائبر کرائم کے زمرے میں آتا ہے تو ایف آئی اے کے سپرد کر دیا جائے۔عدالت نے مفرور ہونے والے دونوں ملزمان جمیل خان اور ناصر احمد خان کو آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 7 مئی تک ملتوی کر دی۔