کسی نے جارحیت کی تو اپنے سینے فوج سے پہلے پیش کریں گے، علامہ طاہر اشرفی

پاکستان بنانے والے علما ہیں، مُلک کا سپہ سالار حافظ قرآن اور مولوی کا بیٹا ہے، اگر ہمارے سپہ سالار ہمیں آج حکم دیں تو ہم ان کی فوج کے ساتھ کھڑے ہوں گے؛ چیئرمین پاکستان علماء کونسل کا خطاب

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 9 مئی 2026 13:18

کسی نے جارحیت کی تو اپنے سینے فوج سے پہلے پیش کریں گے، علامہ طاہر اشرفی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مئی2026ء) پاکستان علما کونسل کے چئیرمین حافظ طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ کسی نے جارحیت کی تو اپنے سینے فوج سے پہلے پیش کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہاد کی بیعت جنرل کے ہاتھ پر اور دین کی بیعت شیخ الحدیث کے ہاتھ پر کروں گا، اگر ہمارے سپہ سالار ہمیں آج حکم دیں تو ہم ان کی فوج کے ساتھ کھڑے ہوں گے، پاکستان بنانے والے علما ہیں، مُلک کا سپہ سالار حافظ قرآن اور مولوی کا بیٹا ہے، کسی نے جارحیت کی تو مسجد اور مدرسہ فوج کے شانہ بشانہ ہو گا، اپنے سینے فوج سے پہلے پیش کریں گے، کیوں کہ پاکستان کی فوج نے جہاد کر کے دکھایا اور بھارت سے جنگ جیتی ہے، جس کی وجہ سے بھارت کہیں بھی منہ دکھانے کے قابل نہیں رہا۔

علامہ طاہر محمود اشرفی کہتے ہیں کہ پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لیے مسجد، مدرسہ اور فوج ایک پیج پر ہیں، دشمن پاکستان کے خلاف جتنا بھی پراپیگنڈا کرلے، مذہبی طبقہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے کیوں کہ پاکستان بنانے والے علماء تھے اور اس ملک کی نظریاتی اساس کی حفاظت بھی علماء ہی کر رہے ہیں، یہ تاثر غلط ہے کہ مذہبی طبقہ ریاست سے الگ ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان علما کونسل کے چئیرمین نے دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، مسلح افواج جو جنگ لڑ رہی ہیں، وہ درحقیقت پاکستان کے امن کی جنگ ہے، پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے کیونکہ یہاں کی عوام اور افواج کے درمیان فولادی اتحاد موجود ہے، سیاسی جماعتیں قومی سلامتی کے اداروں کو سیاست میں نہ گھسیٹیں۔