Live Updates

کئی ملین مسافروں کی پروازیں منسوخ ہو سکتی ہیں، جرمن ہوائی اڈوں کی تنبیہ

DW ڈی ڈبلیو ہفتہ 9 مئی 2026 14:00

کئی ملین مسافروں کی پروازیں منسوخ ہو سکتی ہیں، جرمن ہوائی اڈوں کی تنبیہ

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 09 مئی 2026ء) جرمن ہوائی اڈوں کی تنظیم ایسوسی ایشن آف جرمن ایئرپورٹس (اے ڈی وی) نے خبردار کیا ہے کہ جیٹ فیول کی قلت کے باعث کئی ملین مسافروں کی پروازیں منسوخ ہو سکتی ہیں۔

اے ڈی وی کے چیف ایگزیکٹیو، رالف بائیزل نے جرمن اخبار ' ڈی ویلٹ‘ کے سنڈے ایڈیشن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ''ہمیں ڈر ہے کہ مزید پروازیں منسوخ کر دی جائیں گی، خاص طور پر سستی ایئر لائنز کی جانب سے اور ان مقامات کے لیے جو سیاحت کے حوالے سے کم اہمیت رکھتے ہیں۔

‘‘

20 ملین مسافروں کے متاثر ہونے کا خدشہ

رالف بیزل کے مطابق، 2026 کے لیے بہترین صورتحال تو یہ ہو سکتی ہے کہ مسافروں کی تعداد موجودہ سطح پر برقرار رہے۔ تاہم ''بدترین صورتحال میں، بعض ہوائی اڈوں کو اپنی استعداد میں 10 فیصد کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اگر تمام ہوائی اڈوں کا حساب لگایا جائے تو اس سے 20 ملین (دو کروڑ) مسافر متاثر ہوں گے۔

‘‘

اس کا مطلب یہ ہوگا کہ کچھ مقامات کے لیے پروازیں مکمل طور پر ختم کر دی جائیں گی، جبکہ دیگر کے لیے پروازوں کی تعداد کم ہو جائے گی اور ان کی قیمتیں بھی بڑھ جائیں گی۔

جیٹ فیول کی قلت کی وجہ ایران جنگ

ایران جنگ کے باعث آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل شدید متاثر ہے، جس کی وجہ سے جہازوں کے ایندھن (جیٹ فیول) کی قیمت بڑھ گئی ہے اور بعض ایئر لائنز پروازیں منسوخ کرنے پر مجبور ہو گئی ہیں۔

ایسوسی ایشن آف جرمن ایئرپورٹس کے چیف ایگزیکٹیو بیزل کے بقول: ''دو ماہ سے زائد عرصے سے مٹی کے تیل (کیروسین) کی قیمتیں جنگ سے پہلے کے مقابلے میں دوگنا ہو چکی ہیں۔ ہمیں اگلے چند ماہ میں بھی صورتحال معمول پر آنے کی توقع نہیں ہے۔ اگر ایندھن دستیاب ہو بھی جائے، تب بھی ایئر لائنز ان قیمتوں پر بہت سی پروازیں منافع بخش طریقے سے نہیں چلا سکیں گی۔‘‘

ادارت: کشور مصطفیٰ

Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات