Live Updates

ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس: نیب کے تفتیشی افسر پر خواجہ حارث کی جرح مکمل

پیر کو مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے وکیل امجد پرویز، تفتیشی افسر پر جرح کریں گے

جمعہ 4 مئی 2018 17:22

ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس: نیب کے تفتیشی افسر پر خواجہ حارث کی جرح مکمل
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی سماعت کے دوران استغاثہ کے آخری گواہ نیب کے تفتیشی افسر عمران ڈوگر پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی جرح مکمل ہوگئی، جس کے بعد سماعت ملتوی کردی گئی۔ جمعہ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نیکیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران خواجہ حارث نے نیب کے تفتیشی افسر عمران ڈوگر پر مسلسل تیسرے روز بھی جرح جاری رکھی، جس کے بعد ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی سماعت 7 مئی تک ملتوی کردی گئی۔پیر کو مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے وکیل امجد پرویز، تفتیشی افسر پر جرح کریں گے۔یاد رہے کہ نیب کے تفتیشی افسر عمران ڈوگر نے 2 مئی کو ریکارڈ کروائے گئے اپنے بیان میں کہا تھا کہ تحقیقات سے ثابت ہوتا ہے نواز شریف پبلک آفس ہولڈ کرتے ہوئے لندن فلیٹس کے مالک تھے جب کہ انہوں نے نیلسن اور نیسکول لمیٹڈ کے ذریعے بے نامی دار کے نام پر فلیٹس خریدے تھے۔

(جاری ہے)

تفتیشی افسر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ملزمان لندن جائیداد کی خریداری کے ذرائع بتانے میں ناکام رہے، جو کہ 1993 سے نواز شریف اور دیگر نامزد ملزمان کے زیر استعمال ہیں۔تفتیشی افسر عمران ڈوگر نے کہا تھا کہ حسن، حسین، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر نے نواز شریف کی کرپشن میں معاونت کی، جس پر یہ ملزمان نیب قوانین کے تحت سزا کے حقدار ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات