پاکستان کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ چاہتے ہیں، ایرانی قونصل جنرل

دونوں ممالک کے مابین کاروباری تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں، احمد محمدی کا کاٹی سے خطاب

جمعہ 4 مئی 2018 19:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) کراچی میں متعین ایرانی قونصل جنرل احمد محمدی نے کہا ہے کہ ایران پاکستان کے ساتھ باہمی تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنا چاہتا ہے، آزادانہ تجارت کے معاہدے اور ٹیرف بیرئیرز کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈانڈسٹری (کاٹی) کے دورے کے موقع پر ان خیالات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر کاٹی کے صدر طارق ملک، نائب صدر جنید نقی، کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے سفارتی امور کے سربراہ مسعود نقی، کائٹ ڈی ایم سی کے چیئرمین و سی ای او زبیر چھایا نے بھی اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایرانی قونصل جنرل احمد محمدی نے کہا کہ پاک ایران تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید بہتر کرنا چاہتے ہیں، اس سلسلے میں آزاد تجارتی معاہدی(ایف ٹی ای)، ٹیرف کے مسائل اور بینکنگ چینل کے سلسلے میں پیش رفت چاہتے ہیں اور مثبت پیش رفت کی توقع رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کاٹی کے صدر طارق ملک نے قونصل جنرل کا خیر مقدم کیا اور انھیں کورنگی صنعتی علاقے کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی باہمی تجارت کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات پر زور دیا۔ طارق ملک کا کہنا تھا کہ برادر مسلم پڑوسی ملک ایران کے ساتھ ہمارے تجارتی تعلق کی سطح بہت بلند ہونی چاہیے، جو کہ نہیں ہے اس کے لیے اقدامات ہونے چاہیں۔

کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے سفارتی امور مسعود نقی نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین بینکنگ چینل کے لیے نجی شعبہ اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بزنس کمیونٹی کے مابین مضبوط تعلقات کے لیے وفود کا تبادلہ ہونا چاہیے۔ بعدازاں قونصل جنرل احمد محمدی نے کاٹی کی پیش کردہ تجاویز کو سراہا اور مستقبل میں دونوں ممالک کی صنعتی و تاجر برادری کے باہمی رابطے اور وفود کے تبادلے کو اہم قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے پاکستان میں منعقد ہونے والی تجارتی نمائش کو پذیرائی ملی، ہم چاہتے ہیں کہ اب پاکستانی بزنس کمیونٹی ایران میں ہونے والی ایسی نمائشوں میں بھرپور کردار ادا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی قونصلیٹ پاکستانی بزنس کمیونٹی کو ویزے میں اجراء کے لیے ہرممکن سہولیات فراہم کررہا ہے امید کرتے ہیں کہ پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے ایرانی تاجروصنعت کار برادری کو ویزے کے حصول میں درپیش مسائل دور کردیے جائیں گے۔

اس موقع پر ایران کے کمرشل اتاشی مراد نعمتی نے دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات میں بہتری کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ کاٹی کی جانب سے اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے والے کمرشل اتاشی مراد نعمتی کی دونوں ممالک کے مابین کاروباری تعلقات بہتر بنانے کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا۔

متعلقہ عنوان :