مولانا سمیع الحق کی زیرصدارت دینی و سیاسی جماعتوں کا اجلاس 8 مئی کو اسلام آباد میں ہو گا

جمعہ 4 مئی 2018 20:15

ساہیوال۔4 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) جمعیت علماء اسلام پاکستان (س)کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ احمد علی نے کہاہے کہ دینی و سیاسی جماعتوں کا اجلاس 8 مئی کو مولانا سمیع الحق کی زیرصدارت اسلام آباد میں منعقد ہو گا جس میں نئے اتحاد کا نام اور بنیادی اصول طے کئے جائیں گے اور مرکزی عہدیداران کا انتخاب بھی عمل میں لایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور گزشتہ دنوں وفات پانے والے ممتاز احرار رہنما ء سید عطاء المومن بخاری کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی دینی وتحریکی خدمات اور اتحاد اُمت کے لیے شاندار کردار کو بیحد سراہا۔انہوں نے کہا کہ حضرت شاہ اسماعیل شہید کے چھ مئی کو یوم وفات پر بالا کوٹ کے ایک ہوٹل میں ’’یوم شہداء بالا کوٹ ‘‘منایا جائے گاجس سے پوری دنیا میں دین حق کی سربلندی اور حریت فکر کا پیغام جائے گا۔

عبداللطیف خالد چیمہ کے استفسار پر انہوں نے کہاکہ ہم متحدہ مجلس عمل سے مقابلہ نہیں بلکہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے تاکہ دینی وقومی ذہن رکھنے والے محب وطن اُمید وار اسمبلیوں میں پہنچیں اور احیاء دین کی تحریک کو آگے بڑھانے کا موجب بنیں۔