’’اللہ خوش رکھے ، آپ عوام کی بہت خدمت کر رہے ہیں ‘‘بزرگ مریض کی شہباز شریف کو دعائیں

وزیر اعلی نے باقاعدہ پرچی لیکر صحت کارڈ حاصل کیا اور پراسیس کے بارے میں تفصیلی مشاہدہ کیا

جمعہ 4 مئی 2018 22:40

’’اللہ خوش رکھے ، آپ عوام کی بہت خدمت کر رہے ہیں ‘‘بزرگ مریض کی شہباز ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی کے دورہ پر پہنچے تو ان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے لوگوں کی کثیر تعداد جمع ہو چکی تھی- وزیر اعلی گاڑی سے باہر نکلے تو عوام کے ہجوم نے پرجوش نعروں اور تالیوں سے ان کا استقبال کیا- وزیر اعلی ہاتھ ہلا کر نعروں کا جواب دیتے رہے - انہوںنے ضلعی ہسپتال میں پتھالوجی لیب، انسینریٹر، لیپروسکوپک آپریشن تھیٹر، سی ٹی سکین مشین اور فلٹر کلینک کا افتتاح کرنے کے بعد ہسپتال کے مختلف وارڈوں کا دورہ کیا - وزیراعلی اوپی ڈی پہنچے ، انہوں نے استقبالیہ پر باقاعدہ پرچی حاصل کی اور کارڈ بنوایا - وزیر اعلی نے پر سکون انداز میں باری کا انتظار کیا اور پرچی بنوائی - اوپی ڈی میں وزیر اعلی نے مریض بچوں کو پیار کیا اور انہیں سہلاتے رہے - انہوںنے بچوںکی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی- ایک بزرگ مریض وزیر اعلی کو دیکھ کر ان کے پاس آگئے اور کہا کہ شہباز شریف صاحب آپ نے بہت ہی اچھا ہسپتال بنایا - میں نے کبھی ایسا ہسپتال نہیں دیکھا - اللہ آپ کو خوش رکھے - آپ عوام کی بہت خدمت کر رہے ہیں - وزیر اعلی نے دعائیں دینے پر بزرگ کا شکریہ ادا کیا- وزیر اعلی نے آئی سی یو میں داخل مریضوں کی باری باری عیادت کی اور ان سے ہسپتال میں ڈاکٹروں کے رویے ، طبی سہولتوں اور ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا - بعدازاں وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اتحاد اور یکجہتی پر زور دیا اور شعر پڑھا !فرد قائم ربط ملت سے ہے تنہا کچھ نہیں …موج ہے دریامیں اور بیرون دریاکچھ نہیں ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی نے اس موقع پر اپنے پسندیدہ اشعار بھی دہرائی!۔تمنا آبرو کی ہے اگر گلزار ہستی میں…تو کانٹوںمیں الجھ کر زندگی کرنے کی خو کر لے۔نہیں یہ شان خود داری چمن سے توڑ کر تجھ کو…کوئی دستار میں رکھ لے کوئی زیب گلو کر لے۔وزیر اعلی نے گفتگو کے آخر میں پاکستان زندہ باد ، قائد اعظم زندہ باد اور نواز شریف زندہ باد کے نعرے لگائی-وزیر اعلی سی ٹی سکین مشین ، انسینریٹر ، لیپروسکوپک آپریشن تھیٹر اور پتھالوجی لیب کا دورہ کرتے ہوئے مختلف مشینوں کی کارکردگی کے بارے میں دریافت کرتے رہے - وزیر اعلی نے پتھالوجی لیب میں کام کرنے والی کیمسٹ خاتون سے خوشگوار موڈ میں گفتگو کی اور انہیں مزید ترقی کے لئے دعائیں دیں-