بورے والا، اغواء برائے تاوا ن کے ملزمان کی فائرنگ سے کار میں سوار بہاولپور پولیس کا کانسٹیبل اور وکیل جاں بحق

ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار

جمعہ 4 مئی 2018 22:45

بورے والا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2018ء) بورے والا کے قریب اغواء برائے تاوا ن کے ملزمان کی فائرنگ سے کار میں سوار بہاولپور پولیس کا کانسٹیبل اور وکیل جاں بحق ،ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے ،واقعات کے مطابق چار اغواء کاروں نے 28اپریل کو چک 42/DBیزمان بہاولپور کے زمیندار شہزاد الحسن کو کار سمیت تاوان کے لیے اغوا کر لیا تھا بعد ازاں اغواء کاروں اور مغوی کے گھر والوں کے مابین ڈیل کے بعد چار لاکھ روپے تاوان کی ادائیگی کے بعد مغوی کو رہا کروالیا گیا تھا اور بقیہ 3لاکھ روپے تاوان بعد میں ادا کرنے کا وعدہ پر مغویوں نے کار او ر 2موبائل رکھ لئے تھے جن کی ادائیگی کے لیے آج اغواء کاروں اور مغوی کے ورثاء کے درمیان دوپہر کے وقت بورے والا کے علاقہ کا وقت طے ہوا تھا مغوی کے ورثاء سی آئی اے پولیس کے اے ایس آئی فیصل امین اور کانسٹیبل شیخ بلال ایک پرائیویٹ کار میں سوار ہو کر طے شدہ مقام پر پہنچے جونہی مغوی کا بھائی فیاض الحسن اور سادہ کپڑوں میں پولیس ملازمین کار سے باہر نکلے تو اغواء کاروں نے پولیس کانسٹیبل کی بندوق کی نالی کو دیکھتے ہی برسٹ کھول دیا جس کے نتیجہ میں بہاولپور کا وکیل رفیق عابد بھٹی اور سی آئی اے کا پولیس کانسٹیبل شیخ بلال چھلنی ہو گئے ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے کار میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے مغوی کے بھائی فیاض الحسن نے بتایا کہ اغواء کاروں نے چار لاکھ روپے تاوان کے بعد ہمیں بتایا کہ میرا نام رئوف گجر ہے میں بورے والا کا رہنے والا ہوں مجھے دنیا جانتی ہے آپ وہاں آکر 3لاکھ روپے بقیہ تاوان دے کر اپنی مہران کار اور 2موبائل فون لے جانا اسی وعدے پر وہ آج پولیس کے ہمراہ بورے والا کے علاقہ اڈہ خیر والا لڈن روڈ پہنچے ہی تھے کہ ملزموں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی انوسٹی گیشن وہاڑی میڈم زبیدہ پروین اور ڈی ایس پی ملک طاہر مجید وقوعہ پر پہنچے اور نعشوں کو پوسٹمارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتا ل بورے والا منتقل کر دیا ڈی ایس پی ملک طاہر مجید نے بتایا کہ بورے والا تحصیل کے چاروں اطراف ناکہ بندی کر دی گئی ہے جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا #