چارسدہ: رجڑ میں قتل مقاتلے کی دشمنی جرگہ مشران کی کوششوں سے دوستی میں بدل گئی

جمعہ 4 مئی 2018 23:46

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2018ء) چارسدہ رجڑ میں قتل مقاتلے کی دشمنی جرگہ مشران کی کوششوں سے دوستی میں بدل گئی۔ واقعات کے مطابق فریق اول کفایت اللہ خان وغیرہ اور فریق دوم گل فراز وغیرہ کے درمیان قتل مقاتلے کی دشمنی عرصہ دراز سے چلی آرہی تھی جس میں قیمتی جان ضائع ہوئی تھی اور مزید خون خرابے کا خطرہ تھا جس پر ملک حاجی ظفر خان کی نگرانی میں ڈی آر سی ممبر حاجی کوثر خان و عمائدین علاقہ حاجی قریش خان ، حاجی وصال خان ، افضل خان، وحید اللہ ممبر صاحب ، جان عالم (عر ف تورے لالا) پر مشتمل جرگے نے فریقین سے راضی نامے کے لئے متعدد بار رابطہ کرکے اسے راضی کر دیا ۔

اور فریقین نے رجڑ کے مسجد میں ایک گرینڈ جرگے کا انعقاد کیا ۔ جس سے مولانا محسن الدین المعروف صاحب حق صاحب ، جید عالم دین مولانا عبد اللہ جان ، مولانا روح الآمین ، حاجی صدیق اللہ ، ڈی آر سی کے قائم مقام چیئر مین شاہد خان جرگہ کے صدر ملک حاجی ظفر خان نے خطاب کیا جبکہ ضلعی نائب ناظم مصور شاہ درانی سمیت عمائدین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی اس موقع پر فریقین بروئے جرگہ حلف اُٹھا کر ایک دوسرے کے ساتھ شیر و شکر ہو کر آئندہ بھائیوں کی طرح رہنے کا عہد کیا ۔

(جاری ہے)

مقررین نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ آپس میں اتفاق و اتحاد پیدا کرکے دشمنیاں ختم کر دیں اور کہا کہ اسلام امن محبت اور آشتی کا درس دیتی ہے اور ہم سب کو قرآن پاک کے بتائے ہوئے احکامات پر عمل کرنا چاہیے ۔

متعلقہ عنوان :