محکمہ تعلیم پنجاب نے اساتذہ کے تقرروتبادلوں پر ایک بار پھر پابندی عائد کردی،پنجاب بھر کے سی ای اوز ایجوکیشن کو ٹرانسفر پوسٹنگ آرڈرز جاری کرنے سے روک دیا گیا

ہفتہ 5 مئی 2018 14:20

لاہور۔5 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2018ء) صوبہ بھر میں اساتذہ کے بڑے پیمانے پر تقرروتبادلوںپر الیکشن کمیشن کے شدید تحفظات کے بعدمحکمہ تعلیم نے اساتذہ کے تقرروتبادلوں پر ایک بار پھر پابندی عائد کردی،پنجاب بھر کے سی ای اوز ایجوکیشن کو تا حکم ثانی ٹرانسفر پوسٹنگ آرڈرز جاری کرنے سے روک دیا گیا۔سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ذرائع نے اے پی پی کو بتایا کہ پنجاب کی36اضلاع میں اساتذہ کے تقرروتبادلوں کیلئے لاکھوں در خواستیں جمع کروائی گئی ہیںاور انکی سکروٹنی کا عمل بھی جاری ہے اور دوسری طرف آئندہ عام انتخابات 2018ء کے سلسلہ میں پنجاب سمیت ملک بھر میں الیکشن کمیشن کی طرف سے اساتذہ کو ٹریننگ کروائی جارہی ہے ،ایسے حالات میں ٹیچرز کے ٹرانسفر وپوسٹنگ کا کوئی جواز نہیں بنتا اس لئے فوری طورپراس عمل کو روکنے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سیکرٹری سکولزایجوکیشن پنجاب کی طرف سے صوبہ بھرکے چیف ایگزیکٹو آفیسرزایجوکیشن (سی ای اوز)کواساتذہ کے تقرروتبادلوں کیلئے درخواستوں کی سکروٹنی مکمل کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تمام ضلعی تعلیمی افسران تا حکم ثانی ٹرانسفروپوسٹنگ کے عمل کو فوری طورپر روک دیں اور کسی بھی ٹیچر کے تقرووتبادلے کے آرڈرز جاری نہ کریں۔

۔ذرائع کے مطابق پنجاب بھر کی36اضلاع میں اساتذہ کے تقرروتبادلوں کے لئے سی ای اوز ایجوکیشن کے دفاتر میں اساتذہ کے تقرروتبادلوںکی تقریبا ڈیڑھ لاکھ درخواستیں جمع کروائی گئی ہیں۔۔اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر سپیشل سیکرٹری سکولز ایجوکیشن پنجاب رانا حسن اختر نے اے پی پی کو بتایا کہ صوبہ بھر میں اساتذہ کے تقرروتبادلوں پر الیکشن کمیشن نے تحفظات کا اظہار کیا ہے جس کے بعدٹیچرز کی ٹرانسفر پوسٹنگ کے عمل کو تا حکم ثانی فوری طورپر روکنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔انہوںنے بتایا کہ تمام ضلعی تعلیمی افسران کو تقرروتبادلوں کیلئے سکروٹنی کے عمل کو فوری طورپرمکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔