پنجاب میں بارش اور ژالہ باری کا امکان‘سندھ اور بلوچستان میں گرمی کا راج رہے گا-ماہرین

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 5 مئی 2018 18:02

پنجاب میں بارش اور ژالہ باری کا امکان‘سندھ اور بلوچستان میں گرمی کا ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05 مئی۔2018ء) بارش برسانے والا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہونے سے پنجاب میں کہیں کہیں بارش اور کہیں ژالہ باری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مرطوب ہواﺅں کا سلسلہ جاری ہے جو آج سے پنجاب کے بیشتر حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا اور 9 مئی تک جاری رہے گا، جس کے باعث آج اور کل بیشتر بالائی علاقوں مری، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور ڈویژن میں بارش متوقع ہے۔

پنجاب کے وسطی علاقوں فیصل آباد، ساہیوال، اوکاڑہ، بھکر میں بھی کہیں کہیں اور جنوبی پنجاب میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے علاوہ خیبر پختونخواہ کے بالائی اور وسطی علاقوں میں کہیں کہیں، جنوبی علاقوں میں چند مقامات پر اور کشمیر گلگت بلتستان کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان ہے تاہم بلوچستان میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سندھ کے بیشتر علاقوں میں مرطوب اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے تاہم بارش کا کوئی امکان نہیں۔ماہرین پہلے ہی پشین گوئی کرچکے ہیں کہ 2018کے دوران ملک بھر میں گرمی پہلے سے زیادہ شدید ہوگی اور بارشیں کم ہوں گی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ مارچ کے مہینے میں جنوبی شہروں میں درجہ حرارت 40 سے تجاوز کرجانا غیر معمولی بات ہے جس کی وجہ سے آئندہ گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔

خیال کیا جارہا ہے مئی اور جون کے مہینے معمول سے زیادہ خشک اور گرم ہوں گے۔ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے درجہ حرارت میں معمول سے اضافہ رہے گا،تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی سطح انتہائی کم ہے جس کی وجہ سے ملک میں پانی کی کمی کا امکان بھی ظاہرکیا جارہا ہے۔ تیز بارشوں سے ہی تربیلااورمنگلا ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے،تاہم ابھی تک تیز بارشوں کا کوئی امکان نہیں۔ جنوبی پنجاب اور کے پی کے کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے ، جنوبی پنجاب میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی بڑھ جانے کا امکان ہے جبکہ اندرون سندھ کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری تک جائے گا۔