خیبر پختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں پیش کی ہیں۔ ضلع ناظم ایبٹ آباد

ہفتہ 5 مئی 2018 21:03

ایبٹ آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2018ء) ضلع ناظم ایبٹ آباد علی خان جدون نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں پیش کی ہیں، جدید تربیت کی کمی کے باوجود اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود کو پاکستان کی بہترین پولیس فورس ثابت کیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس سکول آف انٹیلی جنس ایبٹ آباد میں تربیت مکمل کرنے والے خیبر پختونخوا پولیس اور پاکستان ریلوے کے افسران کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق آئی جی ناصر خان درانی پولیس سروس آف پاکستان کے بہترین پولیس آفیسر تھے، خیبر پختونخوا پولیس کیلئے ان کی خدمات لائق تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جدید تربیتی اداروں کا قیام وقت کی ضرورت تھی اور آج ہم نے اپنی آنکھوں سے پولیس سکول آف انٹیلی جنس میں تربیت کے مراحل کو دیکھا اور یہ خیبر پختونخوا پولیس کیلئے باعث فخر ہے کہ آج پولیس سکول میں خیبر پختونخوا، آزاد جموں وکشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد اور پاکستان ریلوے کے افسران تربیت حاصل کر رہے ہیں۔